Accessibility links

Breaking News

یومِ ارض 2022


بائیس اپریل کو 52 واں ارتھ ڈے منایا گیا اور ساتھ ہی عالمی ماحولیاتی تحریک کی سالگرہ بھی۔ یہ موقع ہے کرہ ارض کو خراج پیش کرنے کا۔ اس عہد کا کہ ہم زیادہ ماحول دوست طرزِ عمل اختیار کریں گے اور کرہ ارض کے تحفظ اور بہتری کے کام کریں گے۔ اس سال کا موضوع ہے، "ہم اپنے کرہ ارض میں سرمایہ لگائیں گے۔"

امریکہ میں 'یومِ ارض' یا ارتھ ڈے کی بنیاد اس وقت پڑی جب لوگوں میں اس بارے میں اشتعال بڑھتا گیا کہ سیاسی سطح پر اس بارے میں کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آرہا کہ آلودگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ماحولیاتی انحطاط پیدا ہو چکا ہے۔ دو خاص واقعات ایسے تھے جنہوں نے عام لوگوں کو کچھ کرنے پر راغب کیا۔ ایک وہ جب 1969 کے اوائل میں ریاست کیلی فورنیا کے ساحل سے پرے سمندر میں بڑے پیمانے پر تیل پھیل گیا اور دوسرے اسی سال جون میں ریاست اوہائیو کے شہر کلیو لینڈ میں 'دریائے کاہ یا ہوگا' میں صنعتی فضلہ اتنا بڑھ گیا کہ اس میں آگ لگ گئی۔ اگرچہ یہ کوئی پہلا ایسا واقعہ نہیں تھا مگر یہ حتمی ثابت ہوا۔ اور 1969 میں 'دریائے کاہ یا ہوگا ' میں لگنے والی آگ ملک میں ماحولیاتی آلودگی کی علامت بن گئی۔

اس بارے میں سیاسی سطح پر کوئی اقدام نہ ہونے پر برہم لوگوں میں ایک امریکی سینیٹر گیلارڈ نیلسن تھے جو ماحولیات کے سر گرم کارکن بھی تھے۔ وہ سمجھتے تھے کہ اس بارے میں اس وقت تک کچھ نہیں ہوگا جب تک کافی لوگ کھلے بندوں اپنی برہمی کا اظہار نہیں کریں گے۔ چنانچہ انہوں نے 1970 میں پہلی مرتبہ "ارتھ ڈے" یا یومِ ارض کا اہتمام کیا۔

انہوں نے کہا، "اس کا مقصد یہ تھا کہ ملکی سطح پر ماحولیات کے بارے میں تشویش کو اجاگر کیا جائے اور اتنے بڑے پیمانے پر کہ یہ سیاسی ایوانوں کو ہلا کر رکھ دے۔ یہ ایک جوا تھا مگر کام کر گیا۔ اندازاً دو کروڑ لوگوں نے ملک بھر میں پر امن مظاہروں میں شرکت کی۔"

سال 1990 تک 149 ملکوں میں بیس کروڑ لوگوں نے ریسائیکلنگ اور صاف ماحول کے طریقے اپنانے کے حق میں ریلیاں نکالیں اور سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

آج ارتھ ڈے دنیا بھر میں منایا جانے والا سب سے بڑا دن ہے۔ دنیا کے 190 ممالک میں اس بارے میں سرگرمیاں ہوتی ہیں کہ لوگوں کے اپنے ماحول کی جانب رویے اور سلوک پر کیسے اثر انداز ہوا جائے اور قومی اور مقامی پالیسی میں تبدیلیوں کی وکالت کی جائے۔ اس سال زور اس پر ہے کہ سرکاری اور نجی سطح پر جدت اور گرین ٹیکنالوجی میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کی وجوہات پر توجہ دی جائےاور ان میں کمی کی جائے۔

صدر بائیڈن نے کہا، "50 سال سے زیادہ عرصہ پہلے ایک نسل نے خود کو درپیش ماحولیاتی بحران کے مقابلے کے لیے اجتماعی کوشش کی۔ انہوں نے اس امید پر یہ قدم اٹھایا کہ اقتدار میں موجود لوگ ان کی بات سنیں گے۔"

صدر نے مزید کہا، "آج ایک نئی نسل خطرے کے بارے میں پہلے سے کہیں زیادہ بلند آواز اٹھا رہی ہے تا کہ عالمی لیڈر عملی قدم اٹھائیں۔ یہ ہم سب کے مفاد میں ہے کہ اس چیلنج کا مقابلہ کریں اور یہ وراثت چھوڑ کے جائیں کہ ہم نے عملی کوشش کی۔"

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG