بچوں کو جنگوں اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے محفوظ رکھا جانا چاہیے

فائل فوٹو


مسلح تنازعات کا بچوں پرتباہ کن اثرپڑتا ہے۔ 18 جولائی کو جاری ہونے والی اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق، 2021 میں بچوں کے خلاف 23,982 تصدیق شدہ سنگین خلاف ورزیاں ہوئیں، جن میں سے تقریباً ایک تہائی تعداد لڑکیوں کی تھی۔

بچوں کے اغوا اور ان کے خلاف جنسی تشدد میں پچھلے سال میں 20 فی صد اضافہ ہوا،آبروریزی اورجنسی تشدد کی دیگر اقسام سے بچ جانے والوں میں 98 فی صد لڑکیاں تھیں۔

خصوصی سیاسی امور کے امریکی سینئر مشیر سفیر جیفری ڈی لارینٹس نے کہا کہ "اس سال کی سالانہ "چلڈرن اینڈ آرمڈ کنفلیکٹ رپورٹ" اس بات کی ایک سنگین تصویرپیش کرتی ہے کہ تنازعات بچوں پر کیسے اثر انداز ہوتے ہیں۔"

ان کا کہنا تھا کہ "ایتھوپیا میں، ہزاروں بچوں کو ان کے گھروں سے زبردستی نکالا گیا، ان کے خاندانوں سے الگ کیا گیا، اور جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح یمن میں جاری تنازعہ نے بچوں کے لیے بہت زیادہ مصائب پیدا کر رکھے ہیں،انسانی ہمدردی کی امداد تک رسائی سے انکار کیا گیا اس کے علاوہ بچوں کو ہلاک، معذوراورجنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا،انہیں بھرتی کیا گیا اورتنازعہ میں استعمال کیا گیا۔"

سفیر ڈی لارینٹس نے مزید کہا کہ اوراب یوکرین کے خلاف روس کی وحشیانہ اوربلا اشتعال جنگ نے بچوں پرحملوں کے سلسلے میں ایک اورسیاہ باب کا اضافہ کیا ہے۔ یوکرین میں بچوں کے لیے تیزی سےخطرہ بڑھ رہا ہے. کیونکہ روس کی افواج نے اسپتالوں اوراسکولوں پرحملے کیے ہیں۔

مبینہ طورپرروس کی افواج نے 260,000 سے زیادہ بچوں سمیت نام نہاد "فلٹریشن" پروسیسنگ کے ذریعے دس لاکھ سے زیادہ یوکرین کے شہریوں کو زبردستی روس بھیج دیا ہے۔ دریں اثنا روس کے کمشنربرائے بچوں کےحقوق نے کریملن کی طرف سے روس کے اندریوکرینی بچوں کوگود لینے کاعمل تیزکرنے کے لیے کوششوں پر زور دیا ہے۔"

سفیر ڈی لارینٹس نے کہا، کچھ اچھی خبریں بھی ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل افریقن ری پبلکن، کولمبیا اور ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو سمیت متعدد ممالک میں 12,214 بچوں کو مسلح گروپوں سے رہا کروایا گیا۔

اسی دوران شمالی ایتھوپیا اور یمن میں انسانی بنیادوں پرجنگ بندی حوصلہ افزا ہے۔ امید یہ ہے کہ تمام فریق تنازعے سے ملنے والی اس مہلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پائیدار جنگ بندی کی طرف مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے۔

سفیر ڈی لارینٹس نے مزید کہا کہ بہر حال، "یہ واضح ہے کہ ہم نے بچوں کو تنازعات کے اثرات سے بچانے کے لیے کافی اقدامات نہیں اٹھائے ہیں ۔ جب ہم بچوں کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھاتے ہیں، تو ہم در اصل اپنے اجتماعی مستقبل کا تحفظ کر رہے ہوتے ہیں اور پائیدار تنازعات کو ختم کرنے کے لیے فعال طور پراقدامات کر رہے ہوتے ہیں۔ بین الاقوامی امن اورسلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے بچوں کا تحفظ بے حد اہمیت کا حامل ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**