امریکہ کے وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے جارجیا کے اپنے حالیہ دورے میں اس بات کا اعلان کیا کہ امریکہ فوجی حکمتِ عملی کے اعتبارسے ایک مضبوط شراکت دار کے طور پر جارجیا کی قدر کرتا ہے اور جارجیا کے اقتدارِ اعلیٰ اور علاقائی یک جہتی کے لیے اپنی حمایت میں بدستور غیر متزلزل ہے۔
گزشتہ تین برسوں میں جارجیا کی دفاعی تیاری کے پروگرام نے جارجیا کی دفاعی صلاحیت اور اس کی مستعدی کی بنیاد ڈالی ہے۔ تاہم یہ پروگرام اس سال کے آخر تک ختم ہونے والا ہے۔ اس کی جگہ جارجیا کا دفاعی اور بچاؤ میں اضافے کا پروگرام لے گا۔ اس بات کا اعلان وزیرِ دفاع آسٹن نے کیا۔
ہم دفاعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات کو جاری رکھتے ہوئے جارجیا کی دفاعی تیاری کے پروگرام کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے صلاحیتوں میں بہتری اور مضبوطی پیدا کی جا رہی ہے جو مؤثر دفاع اور بچاؤ کے لیے ضروری ہے۔ اس کے لیے نیٹو کے ساتھ باہمی رابطے اور جارجیا کی وزارتِ دفاع اور جارجیا کی دفاعی افواج کو ترقی دی جا رہی ہے اور جدید بنایا جا رہا ہے۔
وزیرِ دفاع آسٹن نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے ہمارے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون درکار ہو گا تاکہ ہم اپنے مشترکہ نصب العین کے لیے صحیح راستے پر گامزن رہیں۔ مفاہمت کی جس یادداشت پر ہم نے اور وزیرِ موصوف نے ابھی دستخط کیے ہیں، اس سے محکمۂ دفاع کی وہ پائیدار پالیسی اجاگر ہوتی ہے کہ جارجیا کی اس بات میں مدد کی جائے گی کہ وہ خود اپنا دفاع کر سکے، جارحیت کا تدارک کر سکے، اور یورپ کے ساتھ اپنے انضمام کو آگے بڑھا سکے۔ ساتھ ہی جارجیا کی حکومت کو لازمی طورپر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور اس مقصد کی خاطر امریکہ کی حمایت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جارجیا کی جمہوریت کو مضبوط بنانا ہو گا اور بنیادی اصلاحات کرنی ہوں گی تاکہ جارجیا کو مغرب کے اور بھی قریب لایا جا سکے۔
وزیر دفاع آسٹن نے افغانستان میں امریکہ اور نیٹو کی کوششوں کے لیے جارجیا کی حکومت اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ جارجیا کے لوگوں نے اس مشن میں بہت بڑا کردار انجام دیا اور اپنے امریکی ساتھیوں کے ہمراہ جرات کے ساتھ شانہ بشانہ خدمات انجام دیں۔ اس قوم کو اس کی بھاری قیمت بھی ادا کرنی پڑی جب افغانستان میں اس کے 32 سرگرم افراد ہلاک اور 293 زخمی ہوئے۔ امریکہ ان کی قربانیوں کا احترام کرتا ہے، اور جارجیا کے عوام، اس کی افواج اور ان کے اہل خاندان کا ممنون ہے۔
وزیرِ دفاع آسٹن نے کہا کہ افغانستان میں ہماری اجتماعی کوشش، فوجی حکمت عملی پر مبنی شراکت داری، اور ہمارے مشترکہ مفادات اور ہماری اقدار کی مضبوطی کی آئینہ دار ہے۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**