جون ٹینتھ: امریکی تاریخ میں 19 جون کا اہم دن

فائل فوٹو


جون کی انیس تاریخ کو امریکی جون ٹینتھ قومی یوم آزادی مناتے ہیں، یہ دن 19 جون 1865 کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس دن ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں افریقی امریکی غلاموں کے آخری گروپ کو جو ریاست ٹیکساس کے شہر گیلوسٹن میں رہ رہا تھا، معلوم ہوا کہ وہ آزاد ہیں، حالانکہ انہیں دو سال قبل آزاد قرار دیا جا چکا تھا۔

یکم جنوری 1863 کو صدر ابراہم لنکن نے آزادی کا فرمان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ باغی کنفیڈریٹ ریاستوں میں غلام بنائے گئے تمام افراد آزاد ہیں۔ یہ کچھ اور نہیں ایک دھمکی زیادہ تھی کیونکہ اس کا اطلاق صرف باغی ریاستوں پر ہوتا تھا اور اس لیے یہ ناقابل نفاذ تھا۔

تیکنیکی طور پر وہاں کے غلام لوگ اب آزاد ہو چکے تھے۔ لیکن حالات ایسے تھے کہ اطلاعات کی ترسیل سست تھی۔ خانہ جنگی کے ختم ہونے دو ماہ بعد جب یونین جنرل گورڈن گرینجر گیریژن کی کمان سنبھالنے گیلوسٹن پہنچے تو یہ خوش کن خبرشکست خوردہ کنفیڈریشن کے دورافتادہ کونے تک پہنچی۔ 6 دسمبر 1865 کو آئین میں 13ویں ترمیم کی توثیق کے ساتھ، امریکی سرزمین پر ہر جگہ باضابطہ غلامی، قرض کے بدلے کام کرنے اور جبراً غلامی ہمیشہ کے لیے ختم کر دی گئیں۔

جون ٹینتھ کی پہلی تقریبات 19 جون 1866 کو ٹیکساس میں ہوئیں اور جلد ہی امریکہ کے جنوب میں پھیلنا شروع ہوگئیں۔ اسے افریقی امریکیوں کی سب سے طویل عرصے سے چلی آ رہی تعطیل سمجھا جاتا ہے۔ ہر چند کہ انیس جون 1865 کی اہمیت کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے میں 156 سال لگ گئے۔ 17 جون، 2021 کو، صدر جو بائیڈن نے جونٹینتھ قومی یوم آزادی ایکٹ پر دستخط کر کے قانونی طور پرجون ٹینتھ کو وفاقی تعطیل کا درجہ دے دیا۔

دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن نے کہا کہ، "جون ٹینتھ غلامی اور محکومی کی طویل، سخت رات، اور آنے والی ایک روشن صبح کے وعدے کی نشان دہی کرتی ہے۔ یہ گیرائی اور گہرائی کے اعتبار سے ایک اہم دن ہے۔ ایک ایسا دن جب ہم اپنے اخلاقی داغ کو یاد کرتے ہیں، وہ خوفناک نقصان جوغلامی نے ملک پر ڈھایا اورجو اب بھی جاری ہے - جسے میں نے طویل عرصہ پہلے'امریکہ کا اصل گناہ' کہا تھا"۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**