Accessibility links

Breaking News

بائیڈن نے ہند بحرالکاہل اقتصادی فریم ورک لانچ کردیا


صدر جو بائیڈن نے جاپان کے اپنے حالیہ دورے کے موقعے پر ہند بحرالکاہل اقتصادی فریم ورک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہند بحرالکاہل فریم ورک میں امریکہ اور اس کے 12 شراکت دار شامل ہیں۔ ان میں آسٹریلیا، برونائی، بھارت، انڈونیشیا، جاپان، جمہوریہ کوریا، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، سنگاپور، فلپائن، تھائی لینڈ اور ویت نام شامل ہیں۔ ان ملکوں کی معیشت عالمی معیشت کی مجموعی قومی پیداوار کا 40 فی صد بنتی ہے۔

صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ یہ فریم ورک تمام لوگوں کی خوش حالی کے لیے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم اکیسویں صدی کی معیشت کے نئے ضابطے بنا رہے ہیں جو ہمارے تمام ملکوں کی معیشت کو منصفانہ طور پر تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے۔ آئیے ڈیجیٹل اشیا اور سہولتوں میں تجارت کو کنٹرول کرنے والے نئے ضابطوں کے ساتھ شروعات کریں تاکہ کمپنیوں کو کسی ملک میں کاروبار کرنے کے لیے ملکیتی ٹیکنالوجی حوالے نہ کرنا پڑے۔"

صدر بائیڈن نے کہا کہ کوشش کرنا چاہیے کہ سپلائی چین میں حائل رکاوٹیں ختم ہوں اور ایک پیشگی وارننگ کا نظام قائم کیا جائے جو مسائل کے رونما ہونے سے قبل ہی ان کی نشان دہی کر سکے۔ انہوں نے کاربن سے پاک صاف ستھری توانائی کے حصول کے سلسلے میں پر عزم رہنے پر بھی زور دیا۔ صدر بائیڈن نے بدعنوانی کے خاتمے سمیت ایک منصفانہ معیشت پر زور دیا اور کہا کہ یہ عالمی جی ڈی پی کا 2 سے 5 فی صد تک کم کر سکتی ہے۔ مزید برآں امریکہ ہند بحرالکاہل فریم ورک کے اندر مؤثر ٹیکس، اینٹی منی لانڈرنگ اور انسدادِ رشوت ستانی کی اسکیموں کو نافذ کرنے پر بھی زور دے گا۔

امریکی وزیرِ تجارت جینا ریمونڈو نے کہا ہے کہ ہند بحرالکاہل اقتصادی فریم ورک اہم بین الاقوامی اقتصادی رابطوں میں سے ایک ہے جو اس خطے میں امریکہ کی طرف سے اب تک کیے گئے ہیں۔ اس فریم ورک کا آغاز "خطے میں امریکی اقتصادی قیادت کی بحالی" میں ایک اہم موڑ کی نشان دہی کرتا ہے۔

صدر بائیڈن نے زور دیا کہ فریم ورک کی کامیابی کی کلید اعلیٰ معیار اور سب کی شمولیت ہے۔ یہ فریم ورک ہند بحرالکاہل کے خطے میں اقوام کے درمیان سرِ فہرست ہونے کی دوڑ کو آگے بڑھائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "فریم ورک ان دیگر ممالک کے لیے کھلا رہے گا جو مستقبل میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔"

صدر بائیڈن نے کہا کہ "امریکہ نے ہند بحرالکاہل میں گہری سرمایہ کاری کی ہے۔ "ہم طویل سفر کے لیے پرعزم ہیں، دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے کے لیے ایک مثبت مستقبل کے اپنے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔"

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG