Accessibility links

Breaking News

امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کی نئی شراکت داری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے اپنے قریبی اتحادی برطانیہ اور آسٹریلیا کے ساتھ مل کر ایک نئی سہ فریقی سیکیورٹی شراکت داری قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسے 'آکوس' کا نام دیا گیا ہے۔

صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا ایک طویل عرصے سے ایک دوسرے کے وفادار اور اہل شراکت دار رہے ہیں اور اب تو ہم ایک دوسرے کے اور زیادہ قریب آ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تینوں ملکوں نے اس تعاون کو مزید گہرا اور باقاعدہ بنانے کے لیے ایک اور قدم اٹھایا ہے۔ کیوں کہ ہم سب یہ تسلیم کرتے ہیں کہ طویل المیعاد بنیادوں پر ہندو بحر الکاہل کے امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے یہ ضروری ہے۔ اس سے ہمارے ہر ایک ملک کا مستقبل وابستہ ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ پوری دنیا ایک ایسے آزاد اور کھلے ہندو بحر الکاہل پر انحصار کرتی ہے جو آنے والے عشروں میں اسی طرح قائم و دائم رہے۔ 'آکوس' اسی کوشش کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد امریکہ کے اتحاد کو وسعت دینا اور موجودہ اور مستقبل کے خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔

صدر بائیڈن نے مزید کہا کہ یہ امریکہ کے موجودہ اتحادیوں اور شراکت داروں کو نئے طریقوں سے جوڑنے کی کوشش اور باہمی تعاون اور اشتراک کی صلاحیت کو بڑھاوا دینے کے مترادف ہے۔ یہ بات تسلیم شدہ ہے کہ بحرِ اوقیانوس اور بحر الکاہل کے علاقے کے ہمارے شراکت داروں کے مفادات کے درمیان کوئی علاقائی تقسیم نہیں ہے جو ہم کو جدا کر سکے۔

صدر بائیڈن نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 'آکوس' کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی اچانک پیدا ہونے والے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم میں سے ہر ایک کے پاس جدید صلاحیت موجود ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہماری عسکری صلاحیتوں اور اہم ٹیکنالوجیز کی سبقت کو قائم رکھنے اور اس کو مزید فروغ دینے کے لیے 'آکوس' ہمارے ملاحوں، سائنس دانوں اور صنعتوں کو ایک دوسرے کے قریب لے آئے گی، مثال کے طور سائبر، مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجیز اور سمندروں کی تہوں کے اندر کے علاقے۔

'آکوس' کا ایک اہم منصوبہ یہ ہے کہ آسٹریلیا کی بحریہ کے لیے روایتی مسلح ایٹمی طاقت سے چلنے والی آبدوزوں کو بہتر بنایا جائے۔ صدر بائیڈن نے زور دیا کہ ہم سب مل کر ایسی کوشش کریں گے جو ہماری ایٹمی عدم پھیلاؤ کی عالمی قیادت کی عکاس ہو، سخت معیار کے تحت قابلِ تصدیق ہو اور جو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی مشاورت اور شراکت سے کی جائے۔

پچھلے 70 برسوں سے زیادہ آسٹریلیا، برطانیہ اور امریکہ نے دوسرے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر مشترکہ اقدار کے تحفظ، سیکیورٹی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کام کیا ہے۔ 'آکوس' کا قیام ہندو بحرالکاہل کے علاقے میں ان مقاصد کی تکمیل کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG