امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے لندن میں منعقد ہونے والی یوکرین کے لیے بحالی کی کانفرنس میں اعلان کیا کہ امریکہ یوکرین کو روس کی جاری رہنے والی وحشیانہ لڑائی سے بحالی میں مدد کے لیے 1.3 بلین ڈالر سے زیادہ کی اضافی امداد فراہم کرے گا۔
وزیر خارجہ بلنکن نے کہا کہ’’بحالی کا عمل لوگوں کے لیے اس بات کی یقین دہانی سے کہیں زیادہ اہم ہے کہ ان کی بقا کے لیے کیا ضروری ہے۔
اُن کے بقول بحالی یوکرین کے لیے ایک محفوظ اور آزاد ملک کے طور پر ترقی کی بنیاد ہے جو یورپ کے ساتھ مکمل طور پر مربوط ہے اور دنیا بھر کی منڈیوں سے منسلک ہے۔
اُن کے بقول یہ ایک ایسی جمہوریت ہے جس کی بنیاد قانون کی حکمرانی پر ہے. ایک ایسی جگہ جہاں تمام یوکرینیوں کو وقار، انسانی حقوق اور اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع ملے۔
اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اضافی امریکی امداد میں سے پانچ سو بیس ملین ڈالر یوکرین کو انرجی گرڈ کی بحالی میں مدد کرنے کے لیے وقف کیے جائیں گے۔ چھ سو ستاون ملین ڈالر یوکرین کی سرحدی گزرگاہوں، ریلوے لائنوں، بندرگاہوں اور دیگر اہم انفراسٹرکچر کو جدید بنانے میں مدد کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’’ہم یوکرین کے کسٹمز اور دیگر نظاموں کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے اضافی ایک سوملین مختص کریں گے تاکہ کام کی رفتار کو بڑھانے اور بدعنوانی کو کم کرنے کا مقصد پورا ہو سکے
اُن کا کہنا تھا کہ ہم یوکرین کے کاروباروں اور کاروباری افراد کی مالی امداد اور انشورنس کے
ذریعے مدد کرنے کی غرض سے پینتیس ملین ڈالر کی فراہمی کا بھی وعدہ کرتے ہیں جس کا مقصد یوکرین میں سرمایہ کاروں کے لیے خطرات کو کم کرنا ہے ۔‘‘
یہ نئی امداد بیس ارب ڈالر کی امداد کے علاوہ ہے جو امریکہ نے یوکرین کے کارکنوں اور کاروباروں کو اقتصادی اور ترقیاتی امداد میں فراہم کی ہے اور فلاحی امداد میں بھی2.1 ارب ڈالر کی رقم فراہم کی جا چکی ہے۔ ‘‘
امریکی وزیر خارجہ بلنکن کہتے ہیں کہ ’’ امریکہ یوکرین کے لیے اقتصادی ،ترقیاتی اورفلاحی امداد کے علاوہ بہتر حکمرانی، شفافیت اور احتساب کوتقویت دینے کے لیے طویل مدتی کوششوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔
بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم یوکرین میں انصاف کے شعبے اور انسداد بدعنوانی کے اداروں کو مضبوط بنائیں گے، سول سوسائٹی اور اس کی آزاد صحافت کوبھی مضبوط کریں گے۔ یوکرین کی حکومت نے ان اداروں کو فروغ دینے میں بامعنی پیش رفت کی ہے اس بات کے باوجود کہ اس وقت اسے اپنی بقا کی جنگ کا سامنا ہے۔‘‘
وزیر خارجہ بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ضروری ہے کہ دنیا اس بات کو یاد رکھے کہ یوکرین کو تعمیر اور بحالی کی ضرورت کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ روس یوکرین کی تباہی کا سبب بن رہا ہے، اور روس کو بالآخر یوکرین کی تعمیر نو کے اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے۔‘‘
وزیر خارجہ بلنکن نے اعلان کیا کہ ’’ ہم ایک ایسے وقت میں یوکرین کے لوگوں کا ساتھ دیتے رہیں گے جب کہ وہ اپنے ملکی دفاع، تعمیر نو اور اس کا تصور بحال کرنے کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں ۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**