طوفانوں سے متاثرہ لاطینی امریکی ممالک کے لیے امریکہ کی امداد

طوفان آیوٹا کے باعث زیرِ آب آنے والے ہنڈراس کے علاقے کا منظر

بین الاقوامی ترقی سے متعلق امریکی ادارہ (یو ایس اے آئی ڈی) وسطی امریکہ میں یکے بعد دیگرے آنے والے طوفانوں کے بعد امریکی ردِ عمل کی قیادت کرتا رہا ہے۔ کسی تباہ کاری کی صورت میں 'یو ایس اے آئی ڈی' کی امدادی ٹیم امریکی فوج کے ساتھ کام کرتی ہے تاکہ تباہ کن طوفانوں کے بعد متاثرین کی مدد کی جاسکے۔

ایٹا اور آیوٹا نامی طوفانوں نے اس علاقے میں رواں سال 3 اور 16 نومبر کو تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں بتایا جاتا ہے کہ 189 لوگ ہلاک ہوئے اور کولمبیا، پاناما، نکاراگوا، گوئٹے مالا اور ہنڈراس میں 60 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔

یو ایس اے آئی ڈی میں ایلسین لیپ لاطینی امریکہ اور کریبین علاقوں میں آنے والے طوفانوں کے بعد امداد کے لیے انتظامی ٹیم کی سربراہ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سیلاب کا پانی گردن تک یا اس سے بھی اونچا تھا اور اس کے نتیجے میں ہزاروں لوگوں کو مجبوراً اپنے گھروں کو چھوڑنا پڑا اور اجتماعی پناہ گاہوں کا رُخ کرنا پڑا۔ یہ وہ پناہ گاہیں ہیں جہاں یو ایس اے آئی ڈی کی ٹیم جان بچانے کی فوری سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرتی ہے جن میں خوراک اور پینے کے صاف پانی اور دوسری بنیادی ضرورتوں کی فراہمی شامل ہے۔ مثال کے طور پر یو ایس اے آئی ڈی بستر، کمبل اور حفظانِ صحت کا سامان ان پناہ گاہوں میں مہیا کرتی ہے تاکہ وہاں زندگی کو زیادہ آسان بنایا جاسکے۔

ادارے نے پانی کے نکاس کی تعمیر اور نہانے دھونے کی سہولتوں کے لیے بھی رقم مہیا کی ہے تاکہ ان لوگوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ لاطینی امریکہ میں طوفانوں سے متاثر ہونے والی مخدوش آبادیوں کی مدد کے لیے امریکی حکومت نے تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مختص کیے ہیں۔

یو ایس اے آئی ڈی کی مدد کرتے ہوئے امریکی فوج نے ایسے علاقوں میں جہاں شدید ضرورت تھی، 12 لاکھ ٹن خوراک، پانی اور دوسرا ضروری امدادی سامان پہنچایا ہے۔ 'کووڈ 19' سے بچاؤ کے پروگرام کے لیے دستیاب موجودہ فنڈ کو پناہ گاہوں میں اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہ تمام کارروائیاں ان کوششوں کو وسیع کرنے کا حصہ ہیں جو یو ایس اے آئی ڈی برسوں سے قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بڑھانے، قبل ازوقت خبردار کرنے کے نظام کو وسعت دینے، پرائمری اسکولوں کے بچوں کو ہنگامی صورتِ حال کی تیاری کی تعلیم دینے، کمیونٹی کے ایکشن پلان کی ترتیب اور ابتدائی مرحلے میں حرکت میں آنے والے کارکنوں کی تربیت کے لیے انجام دیتا رہا ہے۔

طویل المیعاد بنیاد پر موجودہ امداد لوگوں کو ان کی برادریوں میں واپسی اور بحالی کے ابتدائی مرحلے کے دوران آسانی فراہم کرے گی۔

ایلسین لیپ نے کہا کہ جو پروگرام وہ شروع کریں گے وہ 12 مہینوں تک جاری رہیں گے۔ بعد کے مرحلے میں وہ ان ملکوں میں اپنے سفارت خانوں میں یو ایس اے آئی ڈی کے اپنے ساتھیوں سے رجوع کرتے ہیں جو تعمیرِ نو کے لیے کام کرتے ہیں اور پھر ان ملکوں کی امداد کرتے ہوئے طویل المیعاد ترقی کے لیے کام کو جاری رکھتے ہیں۔ لیپ نے کہا کہ یہ امریکی عوام کی سخاوت کا محض ایک اظہار ہے جس کا براہِ راست تعلق امریکی عوام اور ان لوگوں سے بنتا ہے جو قدرتی آفات سے شدید طور پر متاثر ہوتے ہیں۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**