Accessibility links

Breaking News

مغربی کرۂ ارض کی اقتصادی ترقی کی کوششیں


لاطینی امریکہ کے لیے امریکہ کے قائم مقام وزیرِ خارجہ مائیکل کوزاک کہتے ہیں کہ کرونا وبا کے خطے کی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے یہاں اقتصادی ترقی کو فروغ دینا سب سے اہم ہے۔

امریکہ، لاطینی امریکہ کے دو تہائی سے زائد ملکوں کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ جیسے جیسے لاطینی امریکہ میں کاروبارِ زندگی بحال ہو رہا ہے، امریکہ بھی کرونا کی وبا کے بعد خطے کی معاشی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

امریکہ شمالی اور جنوبی امریکہ کے ممالک کے ساتھ معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اس منصوبے کو آگے بڑھا رہا ہے جسے 'امریکہ کریسے' یا 'گروتھ ان امریکاز' منصوبہ کہا جاتا ہے۔

خطے کے ممالک میں انفراسٹرکچر کے بنیادی ڈھانچے کے فقدان کے باعث ترقی کی رفتار سست ہے۔ 'امریکہ کریسے' منصوبے سے امریکی حکومت کے وسائل اور اس کی مہارت کو استعمال کیا جاتا ہے تاکہ قریبی ممالک میں توانائی اور مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکے۔

امریکہ نے اب تک 10 ملکوں کے ساتھ 'امریکہ کریسے' معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں پاناما، چلی، جمیکا، ارجنٹائن اور کولمبیا شامل ہیں۔ حال ہی میں ایل سلواڈور، ایکواڈور، برازیل، ہنڈوراس اور بولیویا کے ساتھ بھی یہ معاہدہ طے پایا ہے۔ ان معاہدوں میں شریک ملکوں کی جانب سے بین الااقوامی قوانین کے مطابق مسابقت اور شفافیت کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

امریکہ کی بین الااقوامی ترقیاتی فنانس کارپوریشن یا 'ڈی ایف سی' امریکہ کا ترقیاتی بینک ہے اور امریکہ کریسے کی اعانت کے لیے سرمایہ کاری کے فروغ میں ایک اہم وسیلہ ہے۔ امریکہ کو توقع ہے کہ 'ڈی ایف سی' کی مدد سے اگلے پانچ سال کے دوران علاقے میں کم سے کم 12 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری ہو گی۔

مغربی کرۂ ارض کی معیشتوں میں دوبارہ جان ڈالنے میں ایک اہم کردار بین الااقوامی مالیاتی اداروں کا بھی ہے جن میں امریکہ کا بھی اہم کردار ہے۔

شمالی اور جنوبی امریکہ میں قابل بھروسہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور اقتصادی نمو کے بہتر مستقبل کے لیے جمہوریت ضروری ہے۔ کرونا وائرس کی عالمی وبا نے قابل بھروسہ شراکت داروں کے ساتھ اشیا کی محفوظ سپلائی کے وسیلوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کر دیا ہے۔

مائیکل کوزاک نے زور دیا ہے کہ امریکہ سمیت دوسرے ممالک کے لیے لازم ہے کہ وہ چین کی مصنوعات پر انحصار کم کریں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ، اشیا کی سپلائی کے وسیلوں کو مضبوط اور متنوع بنانے اور شمال اور جنوب کے کرۂ ارض میں اشیا کی سپلائی کے طریقۂ کار کی ازسرِ نو تعمیر کے لیے کوششوں کو جلا بخش رہا ہے۔ مقصد یہ ہے کہ وسیلوں اور ساتھ ہی مصنوعات کی تیاری دونوں کو اپنے اپنے ملکوں کے اندر قریب تر کردیا جائے۔

کرونا کی عالم گیر وبا کے چیلنج پر قابو پانے کے لیے مغربی کرۂ ارض کی مدد کی خاطر امریکہ بدستور ترجیحی شراکت دار رہے گا۔ مائیکل کوزاک کہتے ہیں کہ اسی دوران جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے اور ایک آزاد کرۂ ارض کے تصور کی تکمیل کے لیے اقتصادی نمو بدستور ایک ضروری عنصر ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG