امریکہ ۔ ویتنام تعلقات ترقی کی جانب گامزن

فائل فوٹو

فائل فوٹو

انیس سو پچانوے میں سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے بعد سے امریکہ اور ویتنام کے درمیان رشتے اس نہج پر پہنچ گئے ہیں جہاں دونوں ممالک اب وسیع تر مسائل پر تعاون کرتے ہیں۔ ان میں کوویڈ نائنٹین سے مقابلہ، موسمیاتی بحران سے نمٹنا اور مشترکہ اقتصادی مواقع کا فروغ شامل ہے۔

ویتنام کے اپنے حالیہ دورے میں نائب صدر کاملا ہیرس نے اعلان کیا کہ امریکہ کوویڈ نائنٹین فائزر ویکسین کی 10 لاکھ اضافی خوراک عطیہ کر رہا ہے جس کے بعد ویتنام کے لیے امریکی عطیات 60 لاکھ خوراکوں سے زیادہ ہو جائیں گے۔ امریکہ کا ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی اور بیماریوں پر کنڑول کا مرکز ویتنام کو مزید دو کروڑ 30 لاکھ ڈالر تیکنیکی امداد کے طور پر دے رہا ہے جس سے کرونا ویکسین کی خوراکوں کی ترسیل میں اضافہ ہو گا۔

کوویڈ نائنٹین سے نمٹنے میں ویتنام کے صحت کے نظام کو استحکام حاصل ہو گا اور کوویڈ نائنٹین اور مستقبل میں بیماریوں کے خطرات کا پتا چلانے اور ان سے نمٹنے کے سلسلے میں صلاحیت پیدا کرے گا۔

امریکہ اب ویتنام کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دنیا میں اس کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔

یو ایس ایڈ اور ویتنام کے ایوانِ صنعت و تجارت نے مفاہمت کی یاداشت یا ایم او یو پر دستخط کیے تاکہ ویتنام کی مسابقت کو بڑھایا جا سکے، امریکی کمپنیوں کے لیے منڈی کے مواقع کو وسعت دی جا سکے اور ویتنام کی ماحولیاتی پالیسی کو تقویت مہیا کی جا سکے۔

اس ایم او یو سے گرین ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا سکے گا اور اسے دیرپا بنایا جاسکے گا تاکہ ماحولیات کا تحفظ کیا جا سکے، گیس کے اخراج کو کم کیا جا سکے اور ماحولیات کے بحران سے نمٹا جا سکے۔

بائیڈن۔ ہیریس انتظامیہ انسانی حقوق کو بدستور اپنی خارجہ پالیسی کا محور خیال کرتی ہے۔ ویتنام کے اپنے دورے میں نائب صدر ہیرس نے ویتنام کی سول سوسائٹی کے لیے حمایت کا اظہار کیا اور آزادیٔ اظہار، عقیدے اور اجتماع کی وکالت کی۔ انہوں نے اس جانب توجہ دلائی کہ انسانی حقوق سے متعلق جاری چیلنجز کے بارے میں امریکہ، ویتنام کے ساتھ بدستور صاف گوئی سے کام لے گا جن میں ویتنام کے اندر ان افراد کی رہائی شامل ہے جنہیں اپنی بنیادی آزادیوں کے پرامن اظہار پر حراست میں رکھا جا رہا ہے۔

نائب صدر ہیرس نے ویتنامی حکومت کے رہنماؤں سے امریکہ کے اس عزم کا عہد کیا کہ جنگ کے نتیجے مین پیدا شدہ مشترکہ مسائل پر بدستور توجہ دی جائے گی۔ لہذا امریکہ نہ پھٹنے والے گولہ بارود کا سروے کرنے اور ان کی صفائی کی خاطر مزید ایک کروڑ 75 لاکھ ڈالر مہیا کرے گا۔

نائب صدر ہیرس کے ویتنام کے دورے سے یہ بات اجاگر ہوتی ہے کہ امریکہ ایک مستحکم، خوشحال اور آزاد ویتنام، اور ساتھ ہی ایک آزاد، کھلے، مضبوط اور پر استقامت ہندو بحر الکاہل کے علاقے سے گہری وابستگی رکھتا ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**