یوکرین میں سردی سے بچاؤ کے لیے یو ایس ایڈ متحرک

فائل فوٹو

فائل فوٹو

امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی یا یوایس ایڈ کی منتظمہ سمانتھا پاور نےاعلان کیا کہ روسی صدرولادیمیر پوٹن موسم سرما کوجنگی ہتھیار کے طور پراستعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

روس کی افواج نے زیادہ سے زیادہ شہری بنیادی ڈھانچے کونشانہ بنا کرسال کے سرد ترین مہینوں میں لاکھوں یوکرینی باشندوں کو بجلی اورہیٹنگ سے محروم کرنے کی دھمکی دی ہے۔

سمانتھا پاور نے اپنے حالیہ دورے کے موقعے پریوکرینی عوام کو ایسے ہتھکنڈوں کے خلاف دفاع میں مدد دینے اورموسمِ سرما کی شدت سے نمٹنے کے لیےساڑھے پانچ کروڑ ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا۔

پاور نے کہا کہ اس سے یوکرین کے 70 لاکھ لوگوں کوموسمِ سرما میں محفوظ رہنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ مزید ضرورت ہے اورہم اس موسم سرما میں توانائی، بجلی اور گیس کے اس اہم مسئلے کوحل کرنے کے لیے دوسرے ممالک اور دیگرعطیہ دہندگان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

منتظمہ پاور نے یوکرین کے ان کسانوں سے ملاقات کی جن کی زمینوں پرروسی افواج نے قبضہ کرلیا تھا اورپھرانہیں آزاد کرایا گیا تھا، وا گزاری کے بعد یہ کسان اپنے کھیتی باڑی کے سامان سے محروم ہو گئے۔

یہ سامان یا تو چوری ہوگیا تھا یا تباہ اوران کے کھیتوں اورگھروں کے نیچے بارودی سرنگیں بچھا دی گئی تھیں۔ انہوں نے ان کسانوں سے بھی ملاقات کی جواپنی فصلیں کاٹ چکے تھے۔

یو ایس ایڈ نے کئی ماہ پہلے ایگری یوکرین پروگرام کا اعلان کیا تھا۔ یہ 10 کروڑ ڈالر کا پروگرام ہے۔ اس کا مقصد ایسے میں کسانوں کی مدد کرنا ہے جب وہ زمین، ریل یا دریا کے ذریعے اپنا اناج منتقل کر رہے ہیں۔

ایگری یوکرین" پروگرام یوکرین کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد دینے کے لیے انتہائی اہم ہے، میدان جنگ میں فتح حاصل کرنے کے بعد بھی یہ کار آمد ثابت ہوگا۔

منتظمہ پاور نے خبردار کیا کہ یوکرین کی معیشت اس تنازعے کے باضابطہ خاتمے کا انتظار نہیں کرسکتی۔ یوکرین کے اساتذہ، سرکاری ملازمین، دکانداراورہرقسم کے پیشہ ورافراد جو کام کرنا چاہتے ہیں اوراس کے نتیجے میں ٹیکس اورمحصولات جو وہ ادا کریں گے، وہ بھی یوکرین کواپنے پیروں پرکھڑا کرنے میں مدد گارثابت ہوگا۔

منتظمہ پاور نے اعلان کیا کہ "یہاں پر میرا سب سے اہم پیغام ایک ہی ہے کہ" امریکہ اورامریکی عوام، ضرورت کی اس گھڑی میں یوکرین کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ہم یوکرینی عوام کے ساتھ اس وقت تک کھڑے رہیں گے جب تک اس کی ضرورت ہوگی۔ ہم ان مشکلات کو پہچانتے ہیں، پم ان ہولناکیوں سے آگاہ ہیں جو اس عظیم ملک کے لوگوں پربلا وجہ مسلط کی جا رہی ہیں اور ہم ان حالات میں اپنے شراکت داروں کو نہ صرف اس موسمِ سرما بلکہ انسان کے پیدا کردہ اس بحران کے بہت سے پہلوؤں سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے اپنے اختیار میں ہر چیز کا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**