Accessibility links

Breaking News

وزیرخارجہ اینٹنی بلنکن کا پیرو کا دورہ


لاس اینجلس میں جون میں برآعظم امریکہ کے سربراہی اجلاس میں، امریکہ، پیرو اوراس کے بہت سے پڑوسیوں نے پورے خطے میں ڈیجیٹل تبدیلی کوآگے بڑھانے، صاف توانائی کی منتقلی کوتیزکرنے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے سرمایہ کاری کے فروغ اورجمہوری طرزِ حکمرانی کو تحفظ دینے پراتفاق کیا۔

ان ملکوں کے رہنماؤں نے ترکِ وطن اورتحفظ سے متعلق لاس اینجلس اعلامیہ بھی جاری کیا۔ یہ اعلامیہ پہلی بارمغربی نصف کرہ میں محفوظ، منظم، انسانیت کی سلامتی اورباقاعدہ ترکِ وطن کے لیے ساز گار حالات پیدا کرنے کے لیے مشترکہ ذمہ داری کی توثیق کرتا ہے۔

اس اعلان کی حمایت میں وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے پیرو کے اپنے حالیہ دورے کے دوران اعلان کیا کہ امریکہ کی طرف سے 240 ملین ڈالر سے زیادہ کی نئی انسانی امداد اور سیکیورٹی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ فوری طور پربے قاعدہ ہجرت کے محرکات اور بنیادی وجوہات کو دورکیا جا سکے اورنقل مکانی پرمجبور ہونے والوں کی مدد کی جائے۔

محکمہ خارجہ اورامریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی نے ستمبر سے ان کوششوں میں مدد کے لیے تقریباً 817 ملین ڈالر کی نئی امداد کا اعلان کیا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے پیرو کی تعریف کی کہ اس نے وینزویلا کے تیرہ لاکھ پناہ گزینوں اورتارکین وطن کی میزبانی کی اورانہیں مزید باقاعدہ حیثیت دینے کے لیے مناسب ضابطے تشکیل دیے۔

وینزویلا کے تقریباً پانچ لاکھ افراد پہلے ہی اس عمل سے گزر چکے ہیں، انہیں عوامی سہولتوں تک رسائی کی اجازت دی گئی ہے جو انہیں اپنے پیاروں کو ساتھ رکھنے، بہترزندگیاں بسر کرنے اوراپنی میزبان برادریوں میں حصہ ڈالنے کی اجازت دیتی ہیں۔

امریکہ اور پیروماحولیاتی چیلنجوں پربھی قریبی شراکت دار ہیں۔ پچھلے تین سالوں میں، یو ایس ایڈ نے پیرو کے لوگوں اوران کی حکومت کے ساتھ شراکت کی اورکان کنی کے طریقوں کو بہتر بنانے، جنگلات کی کٹائی کو روکنےاور پائیداراقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے 6 کروڑ ڈالر فراہم کیے ہیں۔

بین الاقوامی جرائم اورمنشیات کی اسمگلنگ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکہ پیرو کے ساتھ کام کرنا جاری رکھے ہوئے ہے، یہ دونوں عوامل بدعنوانی کی لعنت کی وجہ سے مزید بڑھ گئے ہیں۔

امریکہ پیرو کی بھرپورثقافت اور ورثے کے تحفظ میں مدد کے لیے بھی پرعزم ہے۔ گزشتہ 25 برسوں سے، دونوں ممالک نے پیرو کے دو ہزار سے زیادہ ثقافتی نمونے واپس کرنے کے لیے مل کر کام کیا ہے جو کبھی غیرقانونی طور پر امریکہ میں اسمگل کیے گئے تھے۔

وزیر خارجہ بلنکن نے کہا، "امریکہ اور پیرو ان چیلنجوں پر حقیقی پیش رفت کا مظاہرہ کرتے رہےہیں جو ہمارے لوگوں کی زندگیوں میں سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں، اور ہم آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں اس پیشرفت میں اضافہ کرتے رہیں گے۔"

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG