Accessibility links

Breaking News

لبرل جمہوریت، انسانی حقوق کے تحفظ کی بہترین ضمانت


امریکی آئین میں ہونے والی پہلی ترمیم کا عکس جس کے تحت مذہبی آزادی کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے۔
امریکی آئین میں ہونے والی پہلی ترمیم کا عکس جس کے تحت مذہبی آزادی کو بنیادی حق قرار دیا گیا ہے۔

مذہبی آزادی ایک بنیادی حق ہے جس کا ذکر امریکی آئین کی پہلی ترمیم میں کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کانگریس ایسا کوئی قانون نہیں بنائے گی جو کسی مذہب کے احترام کے منافی ہو یا اس میں مذہب کی آزادانہ پیروی سے روکا گیا ہو۔

امریکی محکمۂ خارجہ میں پالیسی پلاننگ کے ڈائریکٹر پیٹر برکوویٹز نے کہا ہے کہ ایسے ملکوں کا جو مذہبی آزادی کا تحفظ کرتے ہیں اور جو دوسرے بنیادی حقوق کا احترام کرتے ہیں، گہرا باہمی تعلق ہے۔ ہم مذہبی اور دیگر تمام آزادیوں کی جن کا روایتی طور پر امریکہ خیال رکھتا ہے، حفاظت کرنے والے ملکوں کے قریبی تعلق کا ادراک رکھتے ہیں اور یہ ہمارے اپنے مشاہدے کی بات ہے۔

ان کے بقول، "اگر آپ آزادی کا تحفظ کر رہے ہیں تو یہ سمجھنے کی بات ہے کہ ایک معاملہ جس پر انسانوں کا آپس میں سب سے زیادہ جھگڑا رہا ہے، وہ بہرحال اختلاف کا باعث رہے گا۔ وہ ہے خدا کے بارے میں مختلف نکتۂ نظر۔"

چین، ایران اور روس سمیت ایسے مطلق العنان ممالک موجود ہیں جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ چوں کہ امریکہ اندرونِ ملک انسانی حقوق کا بھرپور خیال نہیں رکھتا لہٰذا اس کے لیے دوسرے ملکوں میں ایسے حقوق کی وکالت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

ڈائریکٹر پیٹر برکوویٹز نے اس خیال کوشرم ناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جیسی لبرل جمہوریتوں جن کی جڑیں انسانی حقوق کے تصور میں پیوست ہیں، اور چین، ایران اور روس جیسے ملکوں کے درمیان واضح فرق ہے۔ یہ ممالک انسانی حقوق کے بنیادی تصور کو ہی رد کرتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ "ظاہر ہے ہمیں اس سے انکار نہیں ہے کہ روس، چین اور ایران میں اختلافِ رائے رکھنے والے جرات مند افراد موجود ہیں۔ ہمیں پتا ہے کہ ایسے لوگوں کا وجود ہے۔ لیکن ان سیاسی معاشروں میں بہرحال اس موضوع پر اجتماعی تبادلۂ خیال کی اجازت نہیں ہے۔"

ڈائریکٹر برکوویٹز نے کہا کہ امریکہ کے اعلانِ آزادی اور انسانی حقوق سے متعلق اقوامِ متحدہ کے اعلان میں ایک آفاقی معیار مقرر کیا گیا ہے جس کے تحت ہر طرز کی حکومت کو پرکھا جا سکتا ہے اور یہ کہ تمام حکومتوں کو کس بات کی خواہش کرنی چاہیے۔

انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ لوگ اس بات کا ادراک کر لیں گے کہ لبرل جمہوریت ہی وہ طرزِ حکومت ہے جو انسانی حقوق کی سربلندی کے لیے سب سے زیادہ موزوں ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG