اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں خصوصی سیاسی امور کے لیے امریکی متبادل نمائندے سفیر رابرٹ ووڈ نے کہا ہے کہ ’’غزہ میں پولیو کیسز کی دوبارہ تصدیق سب سے زیادہ کمزور فلسطینی شہریوں کی صحت کے لیے ایک واضح اور موجود خطرہ ہے۔
سفیر ووڈ نے کہا کہ ’’اس میں کوئی شک نہیں کہ پولیو خطے کے لیے خطرہ ہے اور پورے غزہ میں ویکسی نیشن مہم کو فوری طور پر نافذ کرنے کے لیے ضروری حالات تشکیل کرنا ضروری ہے۔
سفیر ووڈ کہتے ہیں کہ ’’اس وجہ سے امریکہ اقوامِ متحدہ کی قیادت کے لیے شکر گزار ہے اور تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ ایک محفوظ اور کامیاب مہم کی حمایت کریں۔ ہم غزہ میں انسانی برادری اور اسرائیلی حکام کے درمیان ہم آہنگی کی حمایت جاری رکھیں گے تاکہ ویکسی نیشن مہم کے تیز اطلاق میں سہولت فراہم ہو۔ وزیرِ خارجہ بلنکن نے اپنے حالیہ دورہ اسرائیل کے دوران اس بات کو اٹھایا۔ یہ ضروری ہے کہ اس مہم کو بلا تاخیرشروع کیا جائے۔
سفیر ووڈ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ ویکسی نیشن مہم چلانے والی ایجنسیوں کو رسائی کی سہولت فراہم کرے، اس کے لیے پرامن مدت کو یقینی بنائے اور ویکسی نیشن مہم کے دوران فوجی کارروائیوں سے گریز کرے۔
رابرٹ ووڈ کہتے ہیں کہ ’’سب سے اہم بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور دیگر این جی اوز سمیت انسان دوست افراد کے لیے جگہ اور محفوظ حالات پیدا کیے جائیں تاکہ وہ ویکسین کی تقسیم اور خطرے سے دوچار آبادی کو ٹیکے لگانے اور محفوظ طریقے سےکام کرنے کا فریضہ ادا کر سکیں۔
سفیر ووڈ نے توجہ دلائی کہ ’’ایسے میں جب ہم جان بچانے کے کام میں سہولت کے لیے تمام فریقوں پر دباؤ ڈالتے ہیں، ہمیں اس بات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ کس طرح حماس کی کارروائیاں شہریوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں ۔ ان میں فلاحی ہمدردی کے عملے اور ان کے خاندان بھی شامل ہیں۔
امریکہ کو اس کے ساتھ ساتھ ان اطلاعات پر بھی پریشانی ہے کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز یا آئی ڈی ایف نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑی پر بار بار فائرنگ کی ہے۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ اس تازہ ترین واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے اور ابتدائی جائزے میں کہا گیا ہے کہ یہ آئی ڈی ایف یونٹوں کے درمیان مواصلاتی خرابی کا نتیجہ ہے۔ سفیر ووڈ نے کہا کہ ’’ہم نے ان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے نظام کے اندر موجود مسائل کو فوری طور پر درست کریں جس کی وجہ سے ایسی صورتِ حال پیدا ہوئی۔‘‘
اس دوران بین الاقوامی برادری کو فنڈز فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو جان بچانے کے کاموں میں مدد دی جا سکے۔
سفیر ووڈ نے کہا کہ ’’فلسطینی شہریوں اور خاندان کے افراد کی محفوظ واپسی کے منتظر اسرائیلیوں کے مصائب کو کم کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ ہم جنگ بندی کو حتمی شکل دیں اور اس پر عمل درآمد کریں ۔ اس کا اب وقت آ گیا ہے۔
یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔