امریکہ کی نائب صدر کاملا ہیرس نے جکارتہ میں حالیہ یو ایس۔آسیان سربراہی اجلاس میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم یعنی آسیان کے نمائندوں کے سامنے ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے امریکہ کی مستقل وابستگی کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’’ ہم بحرالکاہل خطے میں ایک قابلِ فخر طاقت ہیں اور امریکی عوام کا ہند بحرالکاہل علاقے کے مستقبل میں بھرپور کردار ہے۔ ہم اس خطے کے لوگوں اور اقوام کے ساتھ تاریخی رشتے اور اقدار کا اشتراک رکھتے ہیں اور ہمارا اتحاد اور شراکت داری امریکہ اور آسیان کی سلامتی اور خوشحالی کی حمایت کرتے ہیں۔
نائب صدر ہیرس نے توجہ دلائی کہ جنوب مشرقی ایشیا اور امریکہ کے درمیان تجارت کے شعبے میں چھ لاکھ سے زیادہ امریکی ملازمتوں کے مواقع ہیں اور امریکی-آسیان اقتصادی تعاون دونوں منڈیوں کے لیے ’’ترقی کے ایک بڑے موقعے‘‘ کی نمائندگی کرتا ہے۔
نائب صدر کاملا ہیرس کہتی ہیں کہ ’’اس خطے کے دفاع اور ڈیٹرنس کے لیے امریکہ کا عزم اور انڈو پیسیفک میں سیکیورٹی کے حوالے سے ہماری موجودگی ہمارے وطن کے تحفظ اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے میں مدد کرتی ہے۔ اس لیے ایک ایسے خطے کو فروغ دینا ہمارے اہم مفاد میں ہے جو کھلا، مربوط، خوشحال، محفوظ اور پائیدار ہو۔
نائب صدر ہیرس نے کہا کہ آسیان، ہند بحرالکاہل خطے کے لیے امریکہ کی وابستگی کا مرکز ہے اور بائیڈن انتظامیہ کے آغاز کے بعد سے امریکہ اور آسیان کے درمیان تعلقات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ نائب صدر کہتی ہیں کہ ’’ہم نے تعلقات میں ایک جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے طور پر اضافہ کیا ہے۔ بنیادی ڈھانچے اور ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کی ہے۔ موسمیاتی بحران اور صحت کی حفاظت کے لیے بڑے اقدامات کا آغاز کیا ہے اور ہم نے ثقافتی اور تعلیمی پروگراموں کو وسعت دی ہے۔‘
نائب صدر ہیرس نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے واشنگٹن ڈی سی میں پہلا یو ایس آسیان سینٹر قائم کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ مرکز آسیان کی باضابطہ شمولیت کو آسان بنائے گا اور ہمارے لوگوں، کاروباروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان مزید تبادلوں کی اعانت کرے گا۔‘‘
مشرقی ایشیائی اور بحرالکاہل امور کے بیورو کے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری ڈینئل کرٹن برنک نے نائب صدر کے دورہ جکارتہ کے بعد نامہ نگاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نائب صدر کا دورہ آسیان کے لیے امریکہ کی مضبوط وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہمارے ایک بلین افراد اجتماعی طور پر انتہائی روشن مستقبل کیلئے اشتراک کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اس سے امریکہ کی اپنی سلامتی اور خوشحالی بھی ہندبحرالکاہل خطے اور خاص طور پر جنوب مشرقی ایشیا میں ہونے والی سرگرمیوں سے مربوط ہے۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**