لیبر ڈے 2024

فائل فوٹو

امریکہ میں ہر سال ستمبر کے پہلے پیر کو یوم مزدور(لیبر ڈے) منایا جاتا ہے جو اس کے کارکنوں اور امریکہ کی کامیابیوں میں ان کے تعاون کا جشن ہے۔

صدر جو بائیڈن کے الفاظ میں متوسط طبقے نے امریکہ کو بنایا اور مزدور یونینوں نے متوسط طبقے کی بنیاد رکھی۔ اس بیان میں بہت صداقت ہے۔

سن 1860 کی کے آخر میں مشینوں نے دیہی علاقوں میں دستی مزدوری کی جگہ لینا شروع کی۔

لیکن ملک کے شمال مشرق کے صنعتی شہروں میں نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ اس طرح خانہ جنگی سے واپس آنے والے مردوں نے صنعتی شہروں میں کام تلاش کرنے کے لیے دیہی علاقوں کو چھوڑ دیا۔ ان صنعتی شہروں میں تیزی سے ترقی ہو رہی تھی۔

یہ وہی وقت تھا جب تارکینِ وطن کی آمد کا آغاز ہوا جو بنیادی طور پر کام اور نئے مواقع کی تلاش میں یورپ سے یہاں آئے۔

لیکن وہ مواقع بے کار ثابت ہوئے کیوں کہ صنعتی کارکنوں نے فیکٹریوں، اسٹیل ملوں اور کانوں میں روزانہ 12 گھنٹے ہفتے کے ساتوں دن کام کیا اور اکثر سخت یہاں تک کہ خطرناک حالات میں بھی محنت کی۔

دن کے اختتام پران کی اجرت بمشکل اتنی ہوتی کہ بس گزارہ ہو سکے۔ نتیجتاً وہ مزدور یونینوں میں شامل ہو گئے۔

رفتہ رفتہ ان یونینوں کی رکنیت میں اضافہ ہوا اور یوں بہتر تنخواہوں اور بہتر کام کے حالات پر بات چیت کرنے کی یونینوں کی صلاحیت بھی بڑھی۔ انہوں نے مارچ کیے اور ضرورت پڑنے پر ہڑتالیں بھی کیں۔

بڑی تعداد پرمبنی طاقت کے ایسے ہی ایک مظاہرے کی تیاری میں نیویارک سٹی کے 10,000 کارکنوں نے بلا معاوضہ چھٹی لی اور سٹی ہال سے قریبی پارک تک مارچ کیا۔

یہ مظاہرہ پانچ ستمبر 1882 کو ہوا تھا اور اس طرح پہلی ورکنگ مینز ہالیڈے (کام کرنے والے مردوں کی تعطیل) میں حصہ لیا۔

کارکنوں کی محنت کو منانے کے دن کا خیال توجہ حاصل کرنے لگا اوریوں ہر سال اسی طرح کے مارچ جاری رہے۔

بالآخر 12 سال بعد 28 جون 1894 کوامریکی کانگریس نے یوم مزدور کو قومی تعطیل بنانے کے لیے ایک قانون نافذ کیا جس کے تحت ہر سال ستمبر کے پہلے پیر کو یہ دن منانے کا فیصلہ ہوا۔

صدر گروور کلیولینڈ نے بل پر دستخط کیے۔ ان کے الفاظ ہیں کہ ’’حقیقت میں امریکی جذبہ محنت کے وقار اور اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ عزت ایماندارانہ محنت میں ہے۔‘‘

صدر بائیڈن نے ایک تحریری بیان میں کہا کہ ’’یوم مزدور پر ہم اس ضروری سچائی اور امریکی کارکنوں کی لگن اور وقار کا احترام کرتے ہیں جو ہماری قوم کی خوشحالی کو تقویت دیتے ہیں۔

صدر نے مزید کہا کہ ’’یوم مزدور پر ہم ان تمام محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ ہیں جو ہماری قوم کو نئی بلندیوں پر لے جاتے ہیں اور تمام مزدور یونینوں کے ساتھ بھی جو تمام مزدوروں کو طاقت اور اظہار خیال کی قوت دیتی ہیں۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔