امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے جنوبی کوریا میں جمہوریت کے لیے تیسرے سربراہی اجلاس کی وزارتی کانفرنس میں کہا کہ ’’مصنوعی ذہانت، یا آرٹی فیشل انٹیلی جینس (اے آئی) انتہائی تبدیلی کی طاقت ہے جو ہمارے مستقبل، ہماری دنیا اور ہماری جمہوریتوں کو تشکیل دے رہی ہے۔
وزیرِ خارجہ کہتے ہیں کہ ’’ہم اس بات کو یقینی بنانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں کہ جمہوریتیں مصنوعی ذہانت کی جدت سے دنیا کی رہنمائی کر سکیں تاکہ ہم اس کے بدلے میں ان اصولوں، معیارات اور قوانین کو ترتیب دینے میں دنیا کی قیادت کر سکیں جن کے ذریعے مصنوعی ذہانت کو استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ سب سے مؤثر طریقہ اور ضروری طریق کار ہے جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہم ٹیکنالوجی کے غیر معمولی مواقع سے مستفید ہو رہے ہیں اور لوگوں کو نقصان سے بھی بچا رہے ہیں۔
وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا ہے کہ ’’ہم جانتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت یا اے آئی میں پیش رفت کرنے کی زبردست طاقت ہے جو براہ راست لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بناتی ہے۔
لیکن وزیرِ خارجہ بلنکن خبردار کرتے ہیں کہ ’’اے آئی ایک ایسا نازک میدان بھی ہے جس میں جمہوریت کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ’’ لہذا جب ہم اے آئی اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی طاقت کو بہتر مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کچھ حکومتیں انہی ٹیکنالوجیز کا غلط استعمال کر رہی ہیں۔ وہ اپنے شہریوں کی نگرانی کے لیے چہرے کی شناخت اور بوٹس جیسے مصنوعی ذہانت یا اے آئی ٹولز استعمال کر رہے ہیں۔
ان ٹولز کی مدد سے صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور سیاسی مخالفین کو ہراساں کیا جاتا ہے۔ غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلائی جاتی ہیں جو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو نقصان پہنچاتی ہے، یا ہمارے معاشروںمیں ایک طبقے کو دوسرے کے سامنے لا کھڑا کرتی ہیں۔
وزیرِ خارجہ بلنکن کہتے ہیں کہ ’’امریکہ اپنے تیکنیکی مستقبل کی شرائط کو اس انداز میں تشکیل دینے کے لیے پرعزم ہے جو جامع ہو اور حقوق کا احترام کرے اور جو جمہوری اقدار اور جمہوری اداروں کو برقرار رکھے۔
وزیرِ خارجہ بلنکن نے اعلان کیا کہ ’’ ہم نے اپنی تیکنیکی صلاحیتوں اور اپنے جمہوری شراکت داروں میں تاریخی سرمایہ کاری کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم مصنوعی ذہانت کی حکمرانی کو آگے بڑھانے کی کوششوں کو سرمایہ کاری سے جوڑ رہے ہیں۔
ان میں وہ ایگزیکٹو آرڈر شامل ہے جو جدت کو فروغ دیتے ہوئے اے آئی کی حفاظت، رازداری کے تحفظ، مساوات اور شہری حقوق کو مضبوط کرے۔
وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا کہ ’’اگر ہم تمام غیر معمولی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں اور اے آئی کے نقصانات کو کم کر سکیں تو ہم تمام ممالک اور دنیا بھر کے لوگوں کی ترقی کے لیے پیش رفت کر سکتے ہیں۔
یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔