Accessibility links

Breaking News

جمہوریت کے تحفظ پر بلنکن کا اظہارِ خیال


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا تعلق بڑی اور چھوٹی قوموں، مشرق اور مغرب، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں سے ہے۔

لیکن ہم سب اس پختہ یقین کے ساتھ متفق ہیں کہ جمہوریت انسانی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور اپنے لوگوں کے لیے سود مند نتائج فراہم کرنے کا واحد اور سب سے طاقت ور ذریعہ ہے۔

وہ سیول میں جمہوریت کے لیے حالیہ سربراہی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

بلنکن نے کہا کہ ’’سرد جنگ کے خاتمے کے بعد دنیا بھر میں سیاسی آغاز کی ایک طاقت ور لہر شروع ہوئی۔ لیکن اس کے بعد کئی مقامات پر تقریباً دو دہائیوں سے جمہوری سطح پر اس عمل میں تنزلی دکھائی دی۔

وزیرِ خارجہ بلنکن کا کہنا ہے کہ ’’بنیادی آزادی ختم ہو گئی ہے۔ انتخابی حقوق پر حملہ ہوا ہے۔ بدعنوانی امید کو نگل گئی ہے۔

اس سمٹ کے بینر تلے گزشتہ تین سالوں میں ہم اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے اکٹھے ہورہے ہیں۔

دنیا کے ہر حصے سے 100 سے زیادہ حکومتوں نے اپنے ملکوں میں جمہوریت کو مضبوط کرنے اور اس کی تجدید کرنے کے لیے ٹھوس اقدام کرنے کا عہد کیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔

بلنکن کا مشاہدہ ہے کہ امریکہ آزاد میڈیا اور صحافیوں کی حفاظت کر رہا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’’امریکہ نے بین الاقوامی فنڈ فار پبلک انٹرسٹ میڈیا کے ذریعے تقریباً ایک درجن سے زائد ممالک کو گرانٹس کی حمایت کی ہے جس کا مقصد میڈیا آؤٹ لیٹس کے طویل مدتی استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔

ہم تحفظ صحافت کے پلیٹ فارم کے تحت صحافیوں کی حفاظت کو بہتر بنا رہے ہیں۔ ان میں وہ صحافی بھی شامل ہیں جو جلاوطنی میں کام کر رہے ہیں۔

امریکہ ذمہ دار کاروباری طرزِ عمل کی بنیاد پر ایک نیا نیشنل ایکشن پلان بھی شروع کر رہا ہے۔ یہ منصوبہ امریکی حکومت کے لیے 40 سے زیادہ ٹھوس اقدامات کا تعین کرتا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہم جن کمپنیوں کے ساتھ کام کرتے ہیں وہ درحقیقت انسانی حقوق کی پاسداری کر رہی ہیں۔

وزیرِ خارجہ توجہ دلاتے ہیں کہ ’’اگر ہم چاہتے ہیں کہ ابھرتی ہوئی نسلیں جمہوری معاشروں کی حمایت کریں تو ہمیں جمہوریت کو زندہ کرنے کے لیے ایک ایسے تیکنیکی مستقبل کی تشکیل درکار ہوگی جو لوگوں کی زندگیوں میں ترقی کو فروغ دے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ’’جیسا کہ آمرانہ اور جابرانہ حکومتیں جمہوریت اور انسانی حقوق کو کمزور کرنے کے لیے ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتی ہیں اسی طرح ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ٹیکنالوجی جمہوری اقدار اور اصولوں کو برقرار رکھے اور اس کی حمایت کرے۔

"امریکی وزیرِ خارجہ نے اعلان کیا کہ ’’جمہوریت حادثاتی نہیں ہوتی۔ہمیں اس کی مسلسل تجدید کرنی ہوگی۔ ہم اس بارے میں پوری طرح آگاہ ہیں کہ جمہوریت دنیا بھر کے لوگوں کی مشترکہ خواہش ہےاور نمائندہ جمہوریت کا مطالبہ مضبوط ہے۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG