جنوبی کوریا کے ساتھ امریکی وابستگی ناقابلِ تسخیر ہے

فائل فوٹو

نائب صدر کاملا ہیرس کے جمہوریہ کوریا کے حالیہ دورے کا اختتام ڈیموکریٹک پیپلزری پبلک آف کوریا (شمالی کوریا) کی طرف سے میزائلوں کے نئے تجربات سے ہوا۔

اس طرح کے میزائل لانچ کرنے کا دوبارہ آغاز، نیز پیانگ یانگ کی جانب سے ایک اور جوہری تجربے کا امکان، ان خطرناک اور غیر مستحکم کرنے والے اقدامات کے بارے میں سیکیورٹی خدشات کی واضح یاد دہانی ہے جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو شمالی کوریاسے لاحق ہیں۔

سول میں جمہوریہ کوریا کے صدر یون سک یول کے ساتھ اپنی ملاقات میں، نائب صدرہیرس نے امریکہ اورجمہوریہ کوریا کے درمیان اتحاد کی مضبوط اورپائیدارنوعیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اسے "انڈو پیسیفک اورپوری دنیا میں سلامتی اورخوشحالی کی کلید قرار دیا۔" نائب صدر نے جمہوریہ کوریا کے دفاع اوردونوں ممالک کی مشترکہ دفاعی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے امریکی عزم کو اجاگر کیا۔

کوریا کے غیرفوجی زون کے دورے کے بعد خطاب کرتے ہوئے، نائب صدر ہیرس نے جمہوریہ کوریا کے دفاع کے لیے امریکی عزم کو سیسہ پلائی دیوارسے تشبیہ دی جس میں "امریکی فوجی صلاحیتوں کی مکمل رینج" شامل ہے۔

نائب صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اتحاد "کوریا کی ظالمانہ جنگ کے دوران مشترکہ قربانیوں کے نتیجےمیں قائم کیا گیا تھا۔

امریکی اورکوریائی باشندے آزادی کے لیے ایک ساتھ لڑے اورمرے، نائب صدر نے کہا کہ" کوریائی جنگ بندی کے تقریباً 70 سال بعد بھی تنازعہ کا خطرہ بدستورموجود ہے۔ اورہم اس کی یاد دہانی کرتے رہتے ہیں کہ امریکہ اورجمہوریہ کوریا کے درمیان اتحاد کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

نائب صدر ہیرس نے اپنے خطاب میں کہا کہ شمالی اورجنوبی کوریا نے پچھلی سات دہائیوں میں "ڈرامائی طور پر مختلف راستےاختیار کیے۔ جنوب میں، ہم ترقی کرتی ہوئی جمہوریت، اختراع، معاشی خوشحالی، اورطاقت دیکھتے ہیں جودنیا کی طاقت کا ایک پاورہاؤس بن چکا ہے جب کہ شمال میں، ہم ایک ظالمانہ آمریت، انسانی حقوق کی بے تحاشہ خلاف ورزیاں اور غیر قانونی ہتھیاروں کا پروگرام دیکھتے ہیں جو امن اوراستحکام کو خطرے میں ڈالتا ہے۔

نائب صدر ہیرس نے نوٹ کیا کہ امریکہ اورجمہوریہ کوریا جزیرہ نما کوریا کو مکمل طور پر جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ دنیا بھی ایک مستحکم اورپرامن جزیرہ نما کوریا کی خواہاں ہے "جہاں شمالی کوریا کا کوئی خطرہ باقی نہ ر ہے۔ ہم اس خطے میں استحکام اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے یہاں اور ہر جگہ اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**