امریکہ کی یوکرین کو بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی

فائل فوٹو

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے یوکرین کے اپنے چوتھے دورے میں ایک نئے امریکی امدادی پیکج کا اعلان کیا جس میں 1 بلین ڈالر سے زیادہ کی رقم مختص کی گئی ہے۔

فروری 2022 میں روس نے یوکرین پر بھرپور اور بلا اشتعال حملہ کیا تھا۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ’’ امریکہ یوکرین کو اپنے مستقبل کے لیے بااختیار بنانے کا عزم رکھتا ہے۔ صدر پوٹن کی جاری ظالمانہ جنگ کے تناظر میں امریکہ اور یوکرین نے ایک ایسی شراکت داری قائم کی ہے جو پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور اس کو مزید تقویت مل رہی ہے۔‘‘

امدادی پیکج میں 175 ملین ڈالر شامل ہیں جو یوکرین کے فضائی دفاع کےلیے اہم مدد فراہم کریں گے۔

طویل مدت فوجی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے غیر ملکی فوجی فنانسنگ میں 100 ملین ڈالر اور 90.5 ملین ڈالر انسانی ہمدردی کی بنیاد پرمختص کیے گئے ہیں جن سے بارودی سرنگوں کو صاف کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیر خارجہ بلنکن نے کہا کہ ’’یوکرین اب دنیا کا ایک ایسا ملک ہے جہاں بارودی سرنگوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ روس کے جنگی ہتھیاروں نے سینکڑوں شہریوں کو ہلاک کیا ہے اور لاکھوں افراد کو برسوں، یہاں تک کہ آنے والی دہائیوں تک خطرے میں ڈالنے کی دھمکی دی۔

امریکہ یوکرین کے آزاد کرائے گئے علاقوں میں قانون نافذ کرنے کی کوششوں کے لیے بھی 300 ملین ڈالر فراہم کرے گا اور انسدادِ بدعنوانی، قانون کی حکمرانی اور احتساب کے لیے کلیدی اصلاحاتی کوششوں کو تقویت دینے والے اداروں کے لیے 203 ملین ڈالرد یے جائیں گے۔

اس کے علاوہ امریکہ یوکرین کے سابق فوجیوں کی مدد کے لیے 5.4 ملین ڈالر مہیا کرے گا جو روسی امرا کے ضبط شدہ اثاثوں میں سے منتقل کیے جا رہے ہیں۔ وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ جن لوگوں نے پوٹن کوجارحانہ جنگ کے قابل بنایا انہیں اس کی قیمت ادا کرنی چاہیے۔

امریکہ یوکرین کے لیے زیادہ سے زیادہ مد د فراہم کرتا ہے تاکہ وہ روس کی جاری جارحیت کا مقابلہ کرسکے۔ اس کے علاوہ وہ یوکرین کو مستقبل میں ایک ایسی طاقت بننے میں مدد دینے کے لیے بھی پرعزم ہے جو جارحیت کو روک سکے اور اپنا دفاع کر سکے۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ جی سیون ممالک اور 28 دیگر ممالک یوکرین کی حمایت کے لیے اسی طرح کے وعدے کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’وہ ممالک تسلیم کرتے ہیں کہ یوکرین کی سلامتی پوری یورو۔اٹلانٹک کمیونٹی کی سلامتی کے لیے لازم و ملزوم ہے اور درحقیقت یہ دنیا بھر کی سلامتی کے لیے بھی ضروری ہے جس کی وجہ وہ اصول ہیں جن کو نظر انداز کرتے ہوئے یوکرین میں بھی زندگیوں اور معاش کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ یہ 29 ممالک یوکرین کی طویل مدتی مدد کے لیے پرعزم ہیں اور مل کر اس دیر پا حمایت کا بوجھ اٹھائیں گے۔ ‘‘

وزیر خارجہ بلنکن نے کہا کہ یوکرینی عوام کے لیے مجھے یہ کہنا ہے کہ ’’جس طرح ہم گزشتہ 20 مہینوں میں آپ کی قوم کی بقاء کو یقینی بنانے کے لیے آپ کے ساتھ ہیں، اسی طرح ہم اس وقت بھی آپ کے ساتھ ہوں گے جب آپ اپنے مستقبل کا تعین کریں گے اور یوکرین کو ایک آزاد، پائیدار اور مزید ترقی کرتا ہوا ملک بنائیں گے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**