امریکہ نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے کے متاثرین سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس بتاتی ہیں کہ 23 جون کو پکتیکا اور خوست صوبوں میں کم از کم ایک ہزار افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ "افغانستان کے لوگوں کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس قدرتی آفت نے پہلے سے ہی سخت مشکل کو اور انسانی صورتِ حال کو اور بھی سنگین بنا دیا ہے۔ امریکہ کے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں نے وہاں امدادی کام شروع کر دیے ہیں۔
متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے طبی ٹیمیں بھیجنے کے علاوہ ہم دیگرامدادی کاموں کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 28 جون کو امریکہ نے فوری ضروریات سے نمٹنے کے لیے تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا۔ تاکہ زلزلے کے بعد انسانی ضروریات اور پورے افغانستان میں وسیع تر انسانی ضروریات کو فوری طور پر پورا کیا جاسکے۔
یہ تازہ ترین زلزلہ افغان عوام کے لیے مصائب کی واحد وجہ نہیں ہے۔ افغانستان کے بارے میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی حالیہ بریفنگ کے دوران، اقوامِ متحدہ کے انڈرسیکریٹری جنرل برائے انسانی امور مارٹن گریفتھس نے باور کروایا کہ گزشتہ اگست میں افغانستان کے سیاسی اوراقتصادی حالات میں ڈرامائی تبدیلیاں لامتناہی انسانی مصائب کا باعث بنی ہیں۔
اس وقت افغانستان میں تقریباً ڈھائی کروڑ لوگ غربت کی زندگی گزار رہے ہیں- 2011 کے مقابلے میں یہ تعداد دگنی سے بھی زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ، کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد سے انسانی حقوق کی صورتِ حال تباہ کن رفتار کے ساتھ ابتر ہوئی ہے۔
بریفنگ میں، امریکی قائم مقام وزیر سیاسی امور کی کونسلر ٹرینا ساہا نے موجودہ صورتِ حال کو "افغانستان کے لیے ایک خطرناک گھڑی" قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے اراکین کے لیے اپنا کام کرنے کی گنجائش کم سے کم ہوتی جا رہی ہے جب کہ مذہبی اورنسلی اقلیتی گروہوں کے اراکین کو درپیش خطرات عروج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "پوری دنیا میں عام لوگوں نے طالبان کی طرف سے خواتین اور لڑکیوں کو ان کے وقار سے محروم کرنے کے احکامات کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے چھٹی جماعت سے اوپر تعلیم تک ان کی رسائی پرپابندی لگا دی ہے اور لباس اور سفر کے سخت قوانین نافذ کر دیے ہیں۔
امریکہ افغان عوام کے لیے انسانی امداد کا واحد سب سے بڑا عطیہ کنندہ ہے اور گزشتہ اگست سے اس نے اپنے انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ذریعے ساڑھے 77 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔
قائم مقام وزیر ساہا نے بین الاقوامی برادری کے دیگر ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنی انسانی ہمدردی کی امداد میں اضافہ کریں۔ " انہوں نے اعلان کیا کہ " امریکہ، افغانستان کے لوگوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے گا"۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**