Accessibility links

Breaking News

امریکی وزیرِ خارجہ کا اسرائیل، حماس، اور یرغمالوں سے متعلق اظہارِ خیال


فائل فوٹو
فائل فوٹو

غزہ میں جاری لڑائی میں انسانی بنیاد پر حالیہ وقفوں کی بدولت کچھ یرغمالوں کو رہا کر دیا گیا اور وہ اپنے گھر وں کو واپس لوٹے ہیں۔ اس فائر بندی کا اہتمام امریکہ، اسرائیل، قطر اور مصر نے کیا تھا۔

ان وقفوں کی بدولت غزہ کے لوگوں کو انسانی امداد پہنچ رہی ہے۔ امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اسرائیل کے ایک حالیہ دورے کے دوران یہ بات بتائی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ غزہ سے مزید یرغمالوں کو نکالنے اور مزید امداد کے لیے ان وقفوں کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم یعنی امریکہ ایک درجن سے زیادہ ممالک کے ساتھ ان خاندانوں کی خوشی اور راحت میں شریک ہیں جو اپنے پیاروں کے ساتھ دوبارہ مل گئے ہیں۔

تاہم اب بھی اسرائیل، امریکہ اور دنیا بھر میں متعدد خاندان ایسے ہیں جن کے پیارے ابھی بھی قید میں ہیں اور جو ان کی بحفاظت گھر واپسی کے لیے بے چین ہیں۔ ہم اس وقت تک اپنی کوشش ختم نہیں کریں گے جب تک کہ ہم ہر یرغمالی کو ان کے اہل خانہ اور عزیزوں کے پاس واپس نہ لے جائیں۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ ’’اس کے ساتھ ساتھ ہم غزہ میں فلسطینی شہریوں کے لیے انسانی امداد میں اضافہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ اور خطے میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہم نے
خوراک، پانی، ادویات، پانی صاف کرنے والے پلانٹس کے لیے بجلی، اسپتالوں اور دیگر اہم انفراسٹرکچر کے لیے امداد کی فراہمی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ’’اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے بھی یہ واضح کیا کہ جب حماس یرغمالوں کو رہا کرنا بند کر دے گا تو اسرائیل حماس کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں کو دوبارہ شروع کر دے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’اسرائیل کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے کہ حماس کی جانب سے سات اکتوبر کو کی جانے والی قتل و غارت گری جیسا واقعہ پھر کبھی نہ دہرایا جائے۔ حماس غزہ پر قابض نہیں رہ سکتا اور اس نوعیت کی کارروائی کو دہرانے کی صلاحیت کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نےاس کے ساتھ ساتھ اسرائیل پربھی زور دیا کہ وہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرے، غزہ کے اندر شہریوں کی مزید نقل مکانی سے گریز کرے اور جنوبی غزہ میں بے گھر ہونے والے شہریوں کو واپس جانے کا انتخاب کرنے دے جب حالات اس کی اجازت دیں۔

اینٹنی بلنکن نے کہا کہ ’’دنیا بھر میں بے گناہ شہریوں اور معصوم جانوں کے تحفظ کا خیال رکھنے والے ہر شخص کو حماس سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کو روک دے اور بے گناہ مردوں، عورتوں اور بچوں کے انسانی ڈھال کے طور پر قابل مذمت استعمال کو فوری طور پر بند کرے۔

تشدد اور تنازعات کے تسلسل کو ختم کرنا، اسرائیل کی سلامتی کے مطالبات کو یقینی بنانا اور غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا ہی ایک منصفانہ اور دیرپا امن قائم کرنے کا واحد راستہ ہے۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG