پچیس دسمبرمسیحیت کے اہم ترین مقدس دنوں میں سے ایک ہے اور تقریباً 2000 سال قبل یسوع مسیح کی پیدائش کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ مسیحی یسوع مسیح کو خدا کی تجسیم، نجات دہندہ اور کل عالم کے لیے روشنی قرار دیتے ہیں۔
مسیح کی پیدائش کی اصل تاریخ معلوم نہیں ہے اور 25 دسمبر کو عیسیٰ کی تاریخ پیدائش کے طور پر مقررکرنے کی اصل وجہ بھی واضح نہیں ہے۔ یہ تاریخ سرمائی سالسٹیس کے بہت قریب آتی ہے۔ سرمائی سالٹیس وہ وقت ہوتا ہے جب قطب شمالی اور قطب جنوبی سورج سے انتہائی دوری پر پہنچ جاتے ہیں۔ دنیا بھر کے متعدد قدیم لوگوں کے لیے یہ موڑ فطرت کے احیا کے وعدے کی علامت تھا جو موسم سرما کےبعد آنے والے موسم بہار کے طویل دنوں کی طرف لے جاتا ہے۔
مسیحی یہ سمجھتے ہیں کہ یسوع مسیح دنیا کا نور ہیں۔ مسیحیت سے وابستہ ہونے والے ابتدائی مسیحیوں کے لیے یہ بات بہت منطقی تھی کہ عیسیٰ کی پیدائش کا جشن منانے کے لیے یہی صحیح وقت تھا۔ سن 221 کے بعد 25 دسمبر کو بتدریج یسوع کی پیدائش کی تاریخ کے طور پر تسلیم کیا گیا اور جلد ہی مسیحی مصنفین نے سورج کی احیائے نو اور خدا کے بیٹے کی پیدائش کے درمیان تعلق قائم کرنا شروع کیا۔
صدر جو بائیڈن کہتے ہیں کہ ’’کرسمس کی کہانی مسیحی عقیدے کا محور ہے۔ لیکن امید، محبت، امن اور خوشی کا پیغام بھی آفاقی ہے۔
صدر کہتے ہیں کہ ’’یہ ہم سب سے مخاطب ہے، چاہے ہم مسیحی ہوں، یہودی ہوں، ہندو ہوں، مسلمان ہوں، بدھ مت ہوں، یا کسی بھی عقیدے سے وابستہ ہوں یا پھر کوئی بھی عقیدہ نہ رکھتے ہوں۔ یہ ہم سب کی بحیثیت انسان بات کرتا ہے جو اس دھرتی پر ایک دوسرے کا خیال رکھنے، ایک دوسرے کی دیکھ بھال کرنے اور ایک دوسرے سے محبت کرنے کے لیے موجود ہیں۔
درحقیقت کرسمس کا مقصد یہ ہے کہ مسیحی اپنے اقوال اور اپنے افعال کے ذریعے تمام انسانیت کے لیے امن اور محبت، خیرات، خوشی اور امید کا پیغام پھیلائیں۔ یہ خاندان، دوستوں اور پڑوسیوں کے لیے محبت اور ستائش اور اجنبیوں کے ساتھ مہربانی اور سخاوت کے ساتھ پیش آنے کا وقت ہے۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ ’’ بعض اوقات مہربانی کرنے کا سب سے چھوٹا عمل بھی بہت بامعنی ہو جاتا ہے۔ ایک ہلکی سی مسکراہٹ، گلے ملنا یا پھر ایک غیر متوقع فون کال ایسے ہی چھوٹے چھوٹے لیکن بامعنی عمل ہیں۔ خاموشی سے کافی کا ایک کپ۔ یہ سب مہربانی کے سادہ اظہار ہیں جو روح کو بالیدگی دیتے ہیں، سکون فراہم کر سکتے ہیں اور شاید ان سے جان بھی بچا ئی جا سکتی ہے۔
امریکی صدر بائیڈن کہتے ہیں کہ ’’آئیے کرسمس کے موقع پر مدد کرنے والا ہاتھ، مضبوط کندھا اور دوستانہ آواز بنیں جب ایسا لگے کہ کوئی اور ان لوگوں کی پرواہ نہیں کرتا جو جدوجہد کر رہے ہیں، مصیبت میں ہیں اور ضرورت مند ہیں۔ یہ سب سے بہترین تحفہ ہے جو آپ کبھی بھی دے سکتے ہیں۔
یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔