Accessibility links

Breaking News

خارجہ پالیسی کے کلیدی حصے کے طور پر معذوری کے حقوق کو یکجا کرنا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی محکمہ خارجہ میں ایک حالیہ خطاب کے دوران وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے توجہ دلائی کہ دنیا بھر میں تقریباً 1.3 بلین لوگ معذوری کا شکار ہیں جو عالمی آبادی کا تقریباً 16 فی صد ہے۔ انہوں نے کہا ’’پھر بھی ہمیں علم ہے کہ پوری دنیا میں معذور افراد کا موضوع اکثر اہم گفتگو کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔‘‘

بلنکن کہتے ہیں کہ ’’ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سب اپنے تمام لوگوں کے لیے سہولتیں فراہم کریں۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ مساوی معاشرے زیادہ مستحکم، زیادہ لچکداراور زیادہ اختراعی ہوتے ہیں۔ لہذا جب ہماری پالیسیوں سے معذور افراد کو خارج کردیا جاتا ہے تو وہ درحقیقت ہم سب کی ناکامی ہے۔ لیکن جب ہم معذور افراد کی ضروریات اور ان کی بصیرت کو شامل کرتے ہیں تو ہم سب ان کی صلاحیتوں، ان کی مہارت اور ان کی قیادت سے مستفید ہوتے ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ 2021 اور 2023 کے دوران ہماری ترقی میں امریکی لیبر فورس میں معذور افراد کا حصہ تقریباً 30 فی صد تھا جس سے ہماری مسابقت میں اضافہ ہوتا ہے اور ہمارے پورے ملک کی معاشی ترقی کو تقویت ملتی ہے۔ اسی لیے ہم نے اپنی خارجہ پالیسی کے ہر پہلو میں معذورافراد کی شمولیت اور نقطہ نظر کو شامل کرنے کو ترجیح بنایا ہے۔

بلنکن کہتے ہیں کہ ’’اس وقت جب ہم روس کی جارحیت کی جنگ کے خلاف یوکرین کے ساتھ ہیں، ہم طبی نگہداشت تک رسائی کو بہتر بنا کر معذور کمیونٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس میں ان لوگوں کے لیے مد دبھی شامل ہے جواپنے اعضا کھو چکے ہیں اور انھیں ہم مصنوعی اعضا فراہم کررہے ہیں۔ ہم یوکرین کی تعمیر نو میں مدد کے لیے بھی مل کر کام کر رہے ہیں اور اس میں جزوی طور پر کمیونٹی اور سہولیات کے لیے بہترین طریقوں کا اشتراک کر نا بھی شامل ہے۔

امریکہ نے مضبوط اور زیادہ جامع جمہوریتوں کی تشکیل کے لیے سری لنکا میں ایک ایسے پروگرام کی حمایت کی ہے جس نے انتخابات اور ووٹنگ سے متعلق اشاروں کی زبان میں نئے اشارے تیار کیے جس کے نتیجے میں پولنگ کی جگہوں پرابلاغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں کم ہوئیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ جی سیون اور سی فائیو+ون سمیت بین الاقوای تنظیموں میں بھی معذور افراد کے حقوق کو مربوط کر رہا ہے تاکہ ہم ان مسائل کے پیچھے اپنی اجتماعی طاقت لگا سکیں۔

وزیر خارجہ بلنکن نے اعلان کیا کہ محکمہ خارجہ ملازمین کو یہ سمجھانے کے لیے ایک پلے بک لانچ کر رہا ہے کہ ’’وہ معذوری کے مسائل کو اپنے کام میں کیسے شامل کر سکتے ہیں۔‘‘

امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے اعلان کیا کہ ’’اگر ہم معذوری سے جڑے مسائل کو ترجیح دیتے رہیں، اگر ہم اسے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں شامل کرتے ہیں، تو ہم ہر جگہ تمام لوگوں کے لیے مضبوط، زیادہ متحرک معاشروں کی تعمیر کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG