امریکی ہر سال مئی کے آخری پیر کو میموریل ڈے مناتے ہیں۔ یہ دن امریکی فوج کے ان مردوں اور عورتوں کو یاد کرنے کا دن ہےجنہوں نے اپنے ملک اور اس کے مقاصد کا دفاع کرتے ہوئے جانوں کی قربانی دی۔ میموریل ڈے کے موقع پر ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
صدر جو بائیڈن کہتے ہیں کہ ’’وہ یہاں آرلنگٹن میں قبروں کی خاموش قطاروں میں، یورپ کے قبرستانوں میں، ہمارے ملک بھر کے چھوٹے بڑے قصبوں میں شان و شوکت کے ساتھ اپنی قبروں میں ہیں۔ امریکہ کی پیاری بیٹیاں اور بیٹے جنہوں نے سب کو ہمت دلائی۔
صدرکا کہنا تھا کہ ان لوگوں نےاپنا سب کچھ خطرے میں ڈالا، اس نظریے کے تحفظ اور دفاع کے لیے جس کی انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ وہ نظریہ جو امریکہ کا ہے۔
صدر نے کہا کہ آج بطور ایک قوم ہم سوچ بچار کرنے اور ان کی یاد میں ایک مقدس رسم کی ادائیگی کرتے ہیں۔
میموریل ڈے درحقیقت امریکیوں پر ان لوگوں کے قرض کا اظہار ہے جنہوں نے اپنے ملک کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے حتمی قربانی دی۔
کچھ جنگ میں جان سے گزر گئے تو کچھ بیماری کا شکار ہوئے۔ متعدد افراد غیر ملکی جیلوں میں گم ہو گئے اور کبھی واپس نہیں لوٹے۔
بیشتر نوجوانوں نے اپنی قوم کے نظریات اور آزادیوں کا تحفظ کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شمالی افریقہ، یورپ، بحرالکاہل، ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں بھی ہزاروں لاکھوں افراد دوسروں کی آزادی کا دفاع کرتے ہوئے جان سے گزر گئے۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ ’’ آزادی کبھی آزاد نہیں رہی۔ جمہوریت کو ہمیشہ چیمپئنز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہر نسل کو جمہوریت کے جان لیوا دشمنوں کو شکست دینا پڑتی ہے اور ایسے ہیرو ہر نسل میں پیدا ہوتے ہیں جو جمہوریت اور آزادی کے لیے اپنا خون بہانے کو تیار ہوتے ہیں۔ جمہوریت اور آزادی ان کے لیے اور ہمارے لیے بھی عزیز ہے۔‘‘
صدر نے کہا کہ ’’آج ہمیں یاد ہے، اور ہم اس کا اعادہ کرتے ہیں۔ آزادی کی قدروقیمت قربانی ہے۔ جمہوریت مکمل نہیں ہے۔ یہ کبھی کامل نہیں رہی۔ لیکن اس کے لیے لڑائی کی جا سکتی ہے اور اگر ضروری ہو تو اس کے لیے جان بھی دی جا سکتی ہے۔
اُن کےبقول ہماری جمہوریت بحیثیت قوم ہمارے لیے سب سے بڑا تحفہ ہے اور اسے ان لوگوں نے مقدس بنا دیا ہے جنہیں ہم اس راستے پر چلتے ہوئے کھو چکے ہیں۔
صدر کا کہنا تھا کہ ہماری جمہوریت یہ ہے کہ ہم یونین کوبہترین شکل دینےکا مستقل فرض کیسے انجام دیتے ہیں اور ابھی ہم نے اسے بہترین شکل نہیں دی لیکن ہم نے کبھی اپنی کوششیں ختم نہیں کیں جن کا مقصد ہر جگہ لوگوں کے لیے مواقع، خوشحالی اور انصاف کے وسیع تر دروازے کھولنا ہے ۔
صدر بائیڈن کہتے ہیں کہ ’’یہ ہمارے وقت کے لیے ایک مشن ہے۔ ان کے لیے ہماری یاد صرف ایک دن پر محیط نہیں ہونی چاہیے جب ہم ایک لمحے کو رکتے ہیں اور دعا کرتے ہیں۔ اس عمل سے وابستگی، متحد رہنے اور اس کے لیے دی گئی حتمی قربانی کی قدروقیمت میں یقین رکھنے کے عمل سے آگاہی روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**