Accessibility links

Breaking News

فلسطینیوں کے لیے نئی امریکی امداد


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے حال ہی میں مشرقِ وسطیٰ اور اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 11 دن کی جنگ کے بعد ختم ہونے والی لڑائی کے چند دن بعد علاقے میں پہنچے تھے۔ اس لڑائی کی وجہ سے غزہ کی پٹّی پر سخت تباہی پھیلی اور ڈھائی سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر فلسطینی تھے۔

رملہ پہنچنے پر وزیرِ خارجہ بلنکن نے اعلان کیا کہ امریکہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے 11 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔ امریکہ اس برس مارچ سے کل 36 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ تشدد کو دوبارہ نہ پنپنے کے لیے ہمیں درپیش مسائل کو حل کرنا اور چیلنجز سے نمٹنا ہو گا اور اس کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے ہوں گے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے سب سے پہلا قدم یہ ہو گا کہ غزہ میں پیدا ہونے والے انتہائی سنگین حالات اور وہاں کی تعمیر نو پر توجہ دی جائے۔

امدادی اعلان میں مغربی کنارے اور غزہ میں انسانی ہمدردی کی تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رقم شامل ہے۔ اس فنڈ میں سے تقریباً تین کروڑ 30 لاکھ ڈالرزمشرق قریب میں فلسطینی مہاجرین کے لیے قائم اقوامِ متحدہ کی امدادی ایجنسی کو دیے جائیں گے۔

مذکورہ ایجنسی یہ رقم مغربی کنارے اور غزہ کی تعمیرِ نو کے کاموں پر خرچ کرے گی۔ اس کے علاوہ 55 لاکھ ڈالر غزہ کی بحالی کا کام کرنے والے ہمارے دوسرے شراکت داروں کو دیے جائیں گے۔

امریکی کانگریس کے ساتھ مل کر محکمۂ خارجہ آنے والے برسوں میں سات کروڑ 50 لاکھ ڈالر ترقیات اور اقتصادی امداد اور مغربی کنارے اور غزہ کی بحالی کی مد میں دے گا۔ یہ رقم سات اپریل کو اعلان کی جانے والی سات کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کے علاوہ ہو گی۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہ یہ تمام امداد فلسطینی عوام کے لیے ہو گی نہ کہ حماس کے لیے جس کی وجہ سے غزہ میں یہ تباہی اور بربادی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کے لیے یہ امداد امریکی مفادات اور اور اقدار کی عکاس ہے۔ یہ امداد ان کے لیے ہے جنہیں اس کی اشد ضرورت ہے۔ اس سے وہاں اقتصادی ترقی ہو گی۔ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت، سیکیورٹی تعاون اور استحکام کو فروغ ملے گا۔ یہ امداد ہمارے اتحادیوں اور شراکت داروں کی اقدار اور مفادات سے بھی ہم آہنگ ہے۔

امریکہ غزہ اور مغربی کنارے کی بحالی اور انسانی ہمدردی کی امداد کے عطیہ دہندگان سے بھی کہہ رہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی امداد کو جاری رکھیں جس کا مقصد مشترکہ طور پر اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کی فلاح اور ترقی ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG