Accessibility links

Breaking News

اسرائیل اور کوسوو کے درمیان سفارتی تعلقات قائم


اسرائیل، امریکہ اور کوسوو کے پرچم (فائل فوٹو)
اسرائیل، امریکہ اور کوسوو کے پرچم (فائل فوٹو)

اسرائیل اور کوسوو نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کرلیے ہیں۔ ایک دوسرے کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا اعلان ستمبر 2020 میں وائٹ ہاؤس میں کیا گیا تھا۔

کووڈ-19 کی احتیاط کی وجہ سے کوسوو کی وزیرِ خارجہ میلیزہ ہرادی ناز استوبلا اور اسرائیلی وزیرِ خارجہ گیبرئیل اشکنازی نے یکم فروری کو ایک ورچوئل تقریب میں سمجھوتے پر دستخط کیے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اسے ایک تاریخی دن قرار دیا ہے۔ ان کے بقول گہرے بین الااقوامی تعلقات سے دونوں ملکوں میں استحکام، امن اور خوش حالی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

گزشتہ سال متعدد دوسرے مسلم اکثریتی اور عرب ملکوں نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کیے ہیں جن میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان شامل ہیں۔ انھوں نے اسرائیل کے ساتھ 2020 کے موسمِ خزاں میں تعلقات معمول پر لانے کا اعلان کیا تھا۔

دسمبر میں مراکش اور اسرائیل نے ایک مشترکہ اعلان پر دستخط کے جس میں متعدد شعبوں میں تعاون کا عہد کیا گیا تھا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ مستقبل قریب میں مکمل سفارتی تعلقات کی جانب پیش قدمی ہوگی۔

ترجمان پرائس نے اخباری نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ کو توقع ہے کہ اس پیش رفت کو آگے بڑھایا جائے گا جو اسرائیل اور دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے کی گئی ہے۔

ان کے بقول امریکہ دوسرے ملکوں پر بدستور زور دیتا رہے گا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائیں اور ہم خطے میں دوسرے ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کی خاطر مزید مواقع تلاش کرتے رہیں گے۔

تاہم انھوں نے متنبہ کیا کہ اسرائیل اور دوسرے ملکوں کے درمیان تعلقات کا معمول پر آنا اسرائیل اور فلسطین کے درمیان قیامِ امن کا متبادل نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اسرائیل اور خطے کے دوسرے ممالک تعلقات کی تعمیر اور مکالمے اور رابطے کے لیے نئے راستے تلاش کرنے کے مشترکہ عمل میں شریک ہو رہے ہیں۔ ان کوششوں سے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے امن کے مقصد کو آگے بڑھانے کی خاطر ٹھوس پیش رفت میں مدد ملے گی۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG