امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے انسانی اسمگلر عابد علی خان کے بارے میں اطلاع پر دو انعامات کا اعلان کیا ہے۔ پہلا انعام دس لاکھ ڈالر تک کا ہے اور اس کی پیش کش کسی بھی ایسی اطلاع کے لیے کی گئی ہے جس کے نتیجے میں علی خان کی گرفتاری عمل میں آ سکے یا اس کو سزا ہو سکے۔ دس لاکھ ڈالر کا دوسرا انعام ایسی اطلاع کے لیے دیا جائے گا جس سے علی خان کے انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے مالی معاملات کو منتشر کیا جا سکے۔
علی خان مبینہ طور پر پاکستان میں قائم اسمگلنگ کا ایک نیٹ ورک چلاتا ہے، جو دستاویزات نہ رکھنے والے افراد کے امریکہ کے سفر کی خاطر مشرقِ وسطیٰ اور جنوب مغربی ایشیا سے سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ اس کے بدلے وہ پیسے وصول کرتا ہے۔ کئی ایک ملکوں کے ذریعے پاکستان سے بین الاقوامی سفر کی منصوبہ بندی اور ان میں رابطے کے علاوہ علی خان نے مبینہ طور پر سفر میں استعمال کی خاطر غیر ملکی شہریوں کے لیے جعلی دستاویزات مہیا کیں۔
علی خان جیسی اسمگلنگ کی کمپنیاں مخدوش حالات کے شکار لوگوں سے فائدہ اٹھاتی ہیں اور اسمگل کیے جانے والے افراد کو سنگین خطرات سے دو چار کرتی ہیں۔ جو لوگ امریکہ اسمگل کیے جاتے ہیں انہیں اکثر جنوبی اور وسطی امریکہ کے راستے خطرناک سفر سے واسطہ پڑتا ہے، جس کے دوران بہت کم خوراک اور پانی دستیاب ہوتا ہے اور دشوار گزار راستوں سے کئی دنوں کا پیدل سفر درپیش ہوتا ہے۔ ان میں سے بہت سے لوگ سفر کے دوران ڈاکہ زنی یا زیادیتوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔
سات اپریل 2021 کو امریکہ کے محکمہ انصاف نے ورجینیا کے مشرقی ضلعے میں عائد کی جانے والی وفاقی فردِ جرم کا انکشاف کیا، جس میں علی خان کے خلاف ایک غیر ملکی کو غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے میں مدد دینے اور ایک غیر ملکی کو امریکہ لانے کی سازش کا الزام لگایا گیا تھا۔
اپریل میں محکمۂ خزانہ نے علی خان اور علی خان کی بین الاقوامی مجرم کمپنی کے خلاف انتظامی حکم نامے 13581 کے تحت تعزیرات عائد کر دیں۔ اس حکم نامے کے مطابق بین الاقوامی مجرم تنظیموں کی املاک پر روک لگا دی گئی، جن کا تعلق ایسے ہی مجرمانہ طرزِ عمل سے تھا۔
ان انعامات کی پیش کش محکمۂ خارجہ کے بین الاقوامی طور پر منظم کیے جانے والے جرائم کے خلاف انعام کے پروگرام کے تحت کی جاتی ہے۔ بین الاقوامی پیمانے پر منظم پروگرام کے خلاف انعامات کے پروگرام کے تحت 75 سے زیادہ بین الاقوامی مجرموں اور منشیات کے ناجائز کاروبار میں ملوث سوداگروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا چکا ہے۔
سن 1986 کے بعد سے اس پروگرام میں منشیات کے خلاف انعامات کا پروگرام بھی شامل ہے اور اس کے لیے محکمۂ خارجہ نے اب تک انعامات کی شکل میں 15 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی رقم ادا کی ہے۔
عابد علی خان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے آپ اس پتے پر ای میل کر سکتے ہیں
abid_khan.tips@ice.dhs.gov
آپ اس نمبر پر فون بھی کر سکتے ہیں۔
1-802-872-6199
یا واٹس ایپ پر ٹیکسٹ بھی بھیج سکتے ہیں۔ نمبر ہے
+1-786-583-5997
انعامات کی ان پیش کشوں سے امریکہ کی اس وابستگی کا اظہار ہوتا ہے کہ اس نے بین الاقوامی جرائم کا قلع قمع کرنے اور ایسے بھگوڑوں کو جو امریکہ کے باہر سرگرم ہیں، انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**