Accessibility links

Breaking News

سیٹلائٹ شکن میزائل کے روسی تجربے کی مذمت


روس نے سیٹلائٹ شکن میزائل کا خود اپنے ہی ایک سیٹلائٹ کے خلاف جو تباہ کن تجربہ کیا ہے ، امریکہ نے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ اس تجربے سے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ ٹکڑے جن کا پتا چلایا جا سکتا ہے خلا میں بکھر گئے۔

ایک بیان میں وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اس جانب توجہ دلائی کہ اس قسم کے تجربے سے خلا نوردوں اور خلا بازوں کو جو خطرات درپیش ہوتے ہیں ان کے علاوہ، اس ملبے سے اب سیٹلائٹ اور دوسری خلائی تنصیبات کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ جو آئندہ کئی عشروں کے لیے ہمارے تمام ملکوں کی سیکیورٹی اور اقتصادی اور سائنسی مفادات کے نقطۂ نظر سے اہمیت کے حامل ہیں۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود پانچ خلا بازوں اور دو خلا نوردوں کو جن میں چار امریکی ایک جرمن اور دو روسی ہیں، ہنگامی طریقۂ کار اختیار کرنا پڑا اور انہوں نے اسٹیشن سے جڑے اپنے کیپسول میں پناہ لی۔

ناسا کے منتظم بل نلسن نے روسی کارروائِی کو غیر ذمہ دارانہ اور عدم استحکام کا موجب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسان بردار خلائی پرواز کی اپنی اتنی طویل تاریخ کے پیشِ نظر یہ بات نا قابلِ تصور ہے کہ روس نہ صرف خلائی اسٹیشن میں موجود امریکی اور بین الاقوامی شراکت دار خلا بازوں کو خطرے میں ڈال دے گا بلکہ خود اپنے خلا بازوں کو بھی خطرات سے دو چارکر دے گا۔ ان کی کارروائیاں بغیر سوچی سمجھی اور خطرناک ہیں جن سے چینی خلائی اسٹیشن اور اس پر موجود عملے کو بھی خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔

محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ امریکہ نے اس نوعیت کے سیٹلائٹ کے تجربے پر روس سے بارہا تشویش کا اظہار کیا ہے ، جس سے مدار میں عرصے تک قائم رہنے والا ملبہ بھی جنم لیتا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ پندرہ نومبر 2021 کے واقعات سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ روس اپنے ان دعوؤں کے باوجود کہ وہ بیرونی خلا کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کی مخالفت کرتا ہے، خلا کو طویل ا لمیعاد عرصے تک قائم و دائم رکھنے کے عمل کو خطرے سے دوچار کر رہا ہے اور ساتھ ہی بغیر سوچے سمجھے اختیار کیے جانے والے اور غیر ذمہ دارانہ رویے سے تمام ملکوں کی جانب سے بیرونی خلا میں تجربات اور اس کے استعمال کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اور شراکت دار اس غیر زمہ دارانہ حرکت کا جواب دیں گے۔ ہم خلائی سر گرمیوں میں شامل تمام ذمہ دار ملکوں سے کہیں گے کہ وہ ذمہ دارانہ طرز عمل کے اصولوں کو اپنانے اور روس کی مانند ایسے خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ تباہ کن تجربات سے احتراز کے لیے ہماری کوششوں میں شریک ہو جائیں۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG