Accessibility links

Breaking News

ایتھوپیا کا تنازع ختم کرانے کے لیے اقدامات


فائل فوٹو
فائل فوٹو


ایتھوپیا میں جاری تنازع کے براہ راست نتیجے کے طور پروہاں کے لاکھوں عوام بھوک اورخوراک کی عدم فراہمی کا شکار ہیں۔ صورتِ حال یہ ہے کہ جن علاقوں میں اس وقت امن ہے اور لڑائی نہیں ہو رہی، وہاں بھی لوگوں کو خوراک میسر نہیں۔ کیونکہ ان علاقوں میں گزشتہ تین برس سے قحط سالی کی وجہ سے اجناس کی پیداوار شدید متاثر ہوئی ہے۔

دوسری طرف وفاقی اورعلاقائی فورسز اور ٹگرے پیپلزلبریشن فرنٹ کے درمیان جنگ نے صورتِ حال کو مزید ابتر کر کے انسانی بحران میں تبدیل کر دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق ٹگرے کی تقریباً 55 لاکھ کی آبادی میں سے 90 فی صد لوگوں کو خوراک کی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

اسی لیے امریکہ اس بات کو حوصلہ افزا سمجھتا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران ایتھوپیا کی حکومت اور ٹگرے اورافار میں علاقائی حکام نے حالیہ ہفتوں میں ایسے اقدامات اٹھا ئے ہیں، جو اس تنازعے کے ختم ہونے کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ اور جن کے تحت جنگ زدہ علاقے کے لوگوں کو خوراک کی انتہائی ضروری امداد فوری طور پر پہنچائی جا سکتی ہے۔

مثال کے طور پر ایتھوپیا کے وزیر آعظم آبی احمد نے ہنگامی حالات ختم کر دیے، کچھ سیاسی قیدیوں کورہا کردیا ہے اور ٹگرے کی فورسز نے جن علاقوں میں لڑائی بند ہونے کا اعلان کیا ہے وہاں انہوں نے بھی جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے۔ اسی دوران ٹگرے کی فورسز نے آفار سے اپنی فوجیں نکال لی ہیں اور اس تنازعے کے پر امن حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تاہم امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ان کوششوں کو تیز کریں، ان کو قائم رکھیں اور ان کا دائرہ وسیع کریں تاکہ صدر بائیڈن کی اس خواہش کو یقینی بنایا جا سکے کہ اس لڑائی سے متاثرہ ایتھوپیا کے تمام باشندوں تک بغیر کسی رکاوٹ کے فوری اور پائیدار طور پر انسانی ہمدردی کی امداد پہنچائی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم فریقین پر زور دیتے ہیں کہ موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جنگ بندی کے مذاکرات کو آگے بڑھائیں جن میں ضروری سیکیورٹی انتظامات شامل ہوں۔ انہوں نے ٹگرے میں ہنگامی بنیادوں پر لازمی سہولتوں کی بحالی کے لیے بھی کہا ہے۔

امریکہ زندگیاں بچانے والی ان کوششوں میں مدد دیتا رہے گا اور ایتھوپیا کو ایک متحد، خوشحال اور خود مختار ملک دیکھنے اور ملک میں ایک ایسے سیاسی عمل کی حمایت کے عزم پر قائم ہے جس میں سب کی شمولیت ہو اور جو ملک کی تقسیم سے پیدا ہونے والے زخموں کو بھرنے کے علاوہ ایتھوپیا کے تمام باشندوں کو امن اور سیکورٹی فراہم کر سکے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG