Accessibility links

Breaking News

ایران کے حمایت یافتہ گروپس کے خلاف کارروائیاں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے جوابی حملوں میں حال ہی میں ایرانی حمایت یافتہ کتائب حزب اللہ دہشت گرد گروپ کے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا۔

اس گروپ کو جسے کے ایچ کہا جاتا ہے، ایران کے پاسدرانِ انقلاب کی قدس فورس تربیت، فنڈز اور تعاون فراہم کرتی ہے۔

اسرائیل پر حماس کے خوفناک حملے کے بعد عراق اور شام میں امریکہ اور شراکت داروں کے خلاف حملوں کے پیچھے بھی یہی ہے۔

عراق اور شام میں امریکی فوجوں پر 151 سے زیادہ حملے ہوئے ہیں جن کا مشن اسلامک اسٹیٹ کی دائمی شکست ہے۔ 20 جنوری کو ایک حملے میں جسے پینٹاگان نے بڑے پیمانے کا حملہ کہا، مغربی عراق میں ایران کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے الاسد ایئر بیس کو نشانہ بنایا اور اس پر متعدد بیلسٹک میزائل اور راکٹ فائر کیے۔

اس حملے میں کم از کم ایک عراقی سروس ممبر زخمی ہوا اور اور چار امریکی اہلکاروں کا تکلیف دہ دماغی چوٹوں کے لیے معائنہ کیا گیا۔

ایک بیان میں امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے 23 جنوری کو کتائب حزب اللہ اور ایران سے وابستہ دوسرے گروپوں کی عراق میں زیرِ استعمال تنصیبات کے خلاف امریکی فوجی حملوں کو ضروری اور متناسب قرار دیا اور کہا کہ امریکی فوجوں اور اپنے مفادات کے دفاع کے لیے کارروائی کرنے میں امریکہ کوئی تامل نہیں کرے گا۔

ایک اور اقدام میں امریکہ نے عراقی ایئرلائن فلائی بغداد اور اس کے سربراہ کو عراق، شام اور لبنان میں پاسدرانِ انقلاب کی قدس فورس سے تعاون کرنے پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

اس کے علاوہ جن کو نامزد کیا گیا وہ کتائب حزب اللہ کے تین لیڈرز اور حامی اور ایک کاروبار تھا جو کے ایچ کے لیے فنڈز کی منتقلی اور پیسے کی لانڈرنگ کرتا ہے۔

ایک بیان میں امریکی محکمہ خزانہ نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے ہولناک حملے کے بعد سے عراق اور شام میں امریکی اہلکاروں کے خلاف ڈرون اور میزائل حملوں میں انتہائی تیزی سے اضافے کی جانب اشارہ کیا۔

محکمہ خزانہ نے مزید کہا کہ کے ایچ اور اور عراق میں ایران سے وابستہ دیگر گروپوں نے حماس کی دہشت گردی کی حمایت میں مسلسل بیانات جاری کیے ہیں اور امریکی اہلکاروں پر حملے کرنے کے اپنے عزم کا اعلان کیا ہے۔

امریکہ کے معاون وزیرِ خزانہ برائے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جینس برائن نیلسن نے لکھا کہ ایران اور اس کی پراکسیز نے علاقائی معیشتوں کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے اور بظاہر جائز کارو باروں کو فنڈز فراہم کرنے اور اپنے حملوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے آڑ کے طور پر استعمال کیا ہے۔

امریکہ ایران کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکتا رہے گا، جن کا مقصد خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG