Accessibility links

Breaking News

امریکہ اور سلوواکیہ کے درمیان دفاعی تعاون


فائل فوٹو
فائل فوٹو


حال ہی میں امریکہ اور سلوواکیہ کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط ہوئے جس کی نو فروری کو سلوواکیہ کی پارلیمنٹ نے توثیق کر دی ہے۔

واشنگٹن میں اس معاہدے پر دستخطوں کی تقریب میں امریکی وزیرِ خارجہ اینٹںی بلنکن کے علاوہ سلوواکیہ کے وزیرِ خارجہ اور وزیر دفاع شریک ہوئے۔

وزیر خارجہ بلنکن نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتوں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ 10 لاکھ سے زیادہ باشندے امریکہ میں مقیم ہیں۔ جہاں تک اقتصادی تعلقات کی بات ہے تو دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالر سالانہ کی تجارت اور سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔

وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ سلوواکیہ 1993 میں آزاد ہوا اور اس کے بعد سے امریکہ اور سلوواکیہ سیکیورٹی کے شعبے میں شراکت دار ہیں۔ سلوواکیہ 2004 سے نیٹو کا بھی رکن ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان مشترک دفاعی کوششوں کے سلسلے میں رابطہ آسان ہو جائے گا، جس میں مشترکہ فوجی مشقیں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارے لوگوں کو جو خطرات لاحق ہیں، ان پر دونوں ملکوں کے درمیان مشاورت زیادہ باقاعدہ طور پر ممکن ہو جائے گی۔

اس معاہدے سے سلوواکیہ کی دفاعی صلاحیتوں اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے سلسلے میں امریکہ کی مدد کے لیے راستہ بھی ہموار ہو جائے گا۔ امریکہ نے تقریباًً دو درجن نیٹو اتحادیوں کے ساتھ اسی قسم کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں تاکہ پورے یورپ کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے زور دے کر کہا کہ سلوواکیہ کے ساتھ اس معاہدے کی بنیاد تعاون اور احترام ہے، یہ وہی اقدار ہیں جو پورے نیٹو میں ہمارے تعاون کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلوواکیہ اور امریکہ نے ایک مکمل، مساوی اور خود مختار شراکت داروں کے طور پر یہ لکھا ہے اور یہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات کا ترجمان ہے۔

اس معاہدے میں ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ سلوواکیہ میں امریکی اڈّے قائم کیے جائیں گے یا وہاں امریکی فوجی تعینات کیے جائیں گے۔ یہ معاہدہ کلّی طور پر سلوواکیہ کی خود مختاری اور اس کے قوانین کا احترام کرتا ہے۔

سلوواکیہ کے وزیر دفاع نے کہا کہ دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ امریکہ کے ساتھ قریبی سیکیورٹی تعاون کا مظہر ہے اور یہ بحر اوقیانوس کے آر پار سلامتی کے بارے میں ہمارے مشترکہ عزم کا بھی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری مشترکہ اقدار، آزادی اور خوشحالی کے تحفظ کے لیے لازم ہے کہ سلامتی کے ماحول کو درپیش چیلنجز اور خطرات کی اہمیت کو سنجیدگی سے لیا جائے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ 30 برسوں سے امریکہ اور سلوواکیہ شراکت کار اور اتحادی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں دونوں ملک اور مجموعی طور پر پورا علاقہ زیادہ مضبوط، محفوظ اور خوشحال ہوا ہے۔

دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ ماضی کی بنیاد پر تشکیل دیا گیا اور اس کی مدد سے ہم مل کر ایک بہتر مستقبل تعمیر کریں گے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG