Accessibility links

Breaking News

وینزویلا کے مہاجرین کے لیے امریکی امداد کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو


نکولس مدورو کی حکومت نے وینزویلا کے عوام کے حق خود مختاری پر ڈاکہ ڈال رکھا ہے۔ سیاسی استحصال کیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں، سیاسی اورسول سوسائٹی کے ارکان پر سخت پابندیاں اور آزادیٔ اظہار پر قدغنیں لگا رکھی ہیں۔ اس کے ساتھ معاشی بدانتظامی اور کرپشن نے وہاں انسانی بحران پیدا کردیا ہے جس کی وجہ سے وینزویلا کے لاکھوں عوام اپنا ملک چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے مطابق ہر مہینے وینزویلا سے ہزاروں مہاجر چلی پہنچ رہے ہیں۔ ان میں سے اکثر خطرناک راستے اختیار کرتے ہیں، دور افتادہ ایٹاکاما صحرا کا راستہ اختیار کرتے ہیں، اس پر خطر راستے میں جرائم پیشہ گروہوں کا راج ہے جو نہ صرف ان کا جنسی استحصال کرتے ہیں بلکہ ان کے ساتھ دیگر برے سلوک کرتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق ہجرت کے دوران ان کی صحت خراب ہو جاتی ہے، یہ بھوکے پیاسے رہتے ہیں، بہت سے لوگ خوراک اور پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

چلی میں اس وقت وینزویلا سےتقریباًً ساڑھے چار لاکھ مہاجرین آ چکے ہیں۔ ان میں وہ ہزاروں لوگ شامل نہیں ہیں جو بے قاعدہ سرحدی راستوں سے چلی میں داخل ہوئے ہیں۔

یواین ایچ سی آر کے مطابق اس سال یعنی 2022 میں چلی میں ان مہاجرین کی دیکھ بھال اور انہیں اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے دو کروڑ تیس لاکھ ڈالرز درکار ہوں گے۔

شہری سیکیورٹی، جمہوریت اور انسانی حقوق کی امریکی نائب وزیرعذرا ضیا نے ان ضروریات کے پیشِ نظرامریکہ کی جانب سے ساٹھ لاکھ ڈالرزسے زیادہ کی اضافی امدادی رقم کا اعلان کیا ہے جو چلی میں وینزویلا کے مہاجرین کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ جب سے چلی میں وینزویلا کے مہاجرین کا بحران پیدا ہوا امریکہ اس رقم کو ملا کراب تک دو کروڑ60 لاکھ ڈالرز کی انسانی ہمدردی بنیاد پر امداد دے چکا ہے۔

اس امدادی رقم سے بین الاقوامی شراکت دارچلی میں مقیم وینزویلا کے بے آسرا مہاجرین کی ضروریات پوری کریں گے، جن میں قانونی مدد، طبی سہولتیں، محفوظ پناہ گاہیں، ہائی جین کا سامان اور دیگربنیادی ضروریات کے سامان کی فراہمی شامل ہے۔

محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ہمیں وینزویلا میں انسانی بحران کے بارے میں تشویش ہے۔ وینزویلا سے فرار ہونے والوں کی بروقت امداد کی فراہمی کے لیے لازم ہے کہ انسانی ہمدردی کے اداروں اور کارکنوں کو فوری، مکمل، محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہو۔

امریکہ وینزویلا کے مہاجرین اور چلی سمیت پورے علاقے میں ان کی میزبانی کرنے والے ملکوں کی مدد کے لیے اپنے وعدوں پر مضبوطی سے قائم ہے۔

امریکہ چلی کے ساتھ مسلسل شراکت داری کو تحسین کی نظر سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک علاقے کے دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر ہجرت کے اس جاری چیلنج سے نمٹنے کے لیے بھر پورکوشش کر رہے ہیں۔

امریکہ وینزویلا میں جمہوریت کا دفاع کرنے والوں اور انسانی حقوق کے علم برادروں کے ساتھ کام جاری رکھنے کے علاوہ وہاں کی عبوری حکومت اور اس کے صدر وان وایڈو اور بین الاقوامی برادری کے وینزویلا میں جمہوریت کی بحالی کے لیے کام کرتا رہے گا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG