Accessibility links

Breaking News

انسدادِ منشیات کی رپورٹ برائے سال 2022


فائل فوٹو
فائل فوٹو

محکمۂ خارجہ نے منشیات کے عالمی کنٹرول کی حکمتِ عملی کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔

اس سال کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درد کش نشہ آور ادویات کا عالمی بحران بدستور عالمی چیلنج کا درجہ رکھتا ہے۔ مسلسل پچھلے تین برسوں سے امریکہ میں نشہ آور ادویات کو مقدار سے زیادہ استعمال کرنے سے ہونے والی اموات میں مسلسل ریکارڈ اضافہ ہوا۔ امراض کی روک تھام اور انسداد کے امریکی مراکز سی ڈی سی کے مطابق سن 2020 میں یہ تعداد 91 ہزار سے زیادہ تھی۔ جب کہ اگلے برس کے 12 ماہ میں یہ تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ان میں سے 60 فی صد لوگوں کی موت کا سبب مہلک دوا فینٹینائل کا حد سے زیادہ استعمال تھا۔

امریکہ کے لیے مغربی نصف کرّہ سب سے زیادہ تشویش کا باعث ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ کوکین بنانے والے ملکوں میں کولمبیا، پیرو اور بولیویا ، پہلے دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ یہ رجحان اپنی جگہ جاری اور مستحکم ہے۔ ہر چند کہ 2021 میں کولمبیا نے ایک لاکھ تین ہزار ہیکٹررقبے سے اس کا صفایا کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ کولمبیا، ایکواڈور، پاناما اور ڈومینیکن ری پبلک سمیت بہت سے ملکوں میں کوکین پکڑنے کے واقعات میں بھاری اضافہ ہوا۔

ستمبر 2021 میں امریکہ نے نشان دہی کی کہ بولیویا اور وینزویلا ایک بار پھر بین الاقوامی ڈرگ کنٹرول معاہدے کے تحت عائد اپنی ذمّہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ بولیویا میں عمومی طور پر حکومت کوکا کی قانونی مارکیٹ کو کنٹرول نہیں کر سکی، ہر چند کہ اس نے کوکا کی پیداوارکو ختم کرنے اور منشیات کے ذخیروں کو ضبط کرنے کے لیے چند اقدامات اٹھائے۔ وینزویلا میں نکولس مدورو کی حکومت نے منشیات کی غیر قانونی تجارت کو روکنے کے لیے بامعنی اقدامات نہیں اٹھائے۔

میکسیکو بدستور جنوبی امریکہ سے امریکہ کوکین کی اسمگلنگ کے لیے ایک راہداری بنا رہا۔ اس کے علاوہ یہ پیپلز ری پبلک آف چائنا سے آنے والے ایسے مواد کی منزل رہا جن سے فینٹینائل بن سکتی ہے۔ واضح رہے کہ میکسیکو میں جہاں فینٹنائل کی پیداوار میں تیزی آئی ساتھ ہی وہاں حکام کی جانب سے اسے ضبط کرنے کی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا۔

فینٹینائل کی پیداوارچین سے میکسیکو بڑی تیزی سے منتقل ہوئی، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کثیرالملکی جرائم پیشہ تنظیمیں حالات کے مطابق اور عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام سے بچنے کے لیے کس تیزی سے مقامات تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

میکسیکو کی جرائم پیشہ تنظیموں کے چین میں قدم جمانے کے ساتھ ساتھ جنوبی امریکہ میں پیدا ہونے والی کوکین کو تقریباً دنیا کے ہر گوشے تک پہنچایا جا رہا ہے۔ نائیجیریا کے منشیات کے اسمگلروں نے عالمگیر سطح پر اس رسائی کو ممکن بنا دیا ہے۔ یورپ اور ایشیا میں کوکین کا بازار گرم ہے۔ اور چین اور بھارت سے ایسے کیمیکلز دنیا بھر میں بھیجے جا رہے ہیں جن سے نشہ آور اشیا بن سکتی ہیں۔

انسدادِ منشیات کی کامیابی کے لیےلازم ہے کہ طلب اور رسد کو گھٹانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ امریکہ جرائم پیشہ تنظیموں سے نمٹنے، بد عنوانی کو ختم کرنے اور قانون کی حکمرانی کو مستحکم کرنے کے لیے اپنے شراکت کار ملکوں اور نجی شعبوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG