Accessibility links

Breaking News

امریکہ نے فن لینڈ اورسوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی باضابطہ منظوری دے دی


 فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے فن لینڈ اورسوئیڈن کو نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) میں شامل کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ نو اگست کو صدرجوبائیڈن نے یوایس انسٹرومنٹس آف ریٹیفیکیشن پر دستخط کیے جس سے امریکہ دنیا کے سب سے مضبوط، طاقت ورترین دفاعی اتحاد میں شامل ہونے کے لیے دونورڈک ممالک کی درخواست کو منظور کرنے والا نیٹو کا 23 واں ملک بن گیا۔

غیرجانب داری کی اپنی دیرینہ روایت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فن لینڈ اورسوئیڈن نے مئی میں ولادیمیر پوٹن کی یوکرین پربلا اشتعال اوروحشیانہ جنگ کے تناظرمیں نیٹو میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ ’’پوٹن کا خیال تھا کہ وہ ہمیں توڑ سکتے ہیں، ہمارے عزم کو کمزور کر دیں گے۔ لیکن اس کے بجائے، جو وہ نہیں چاہتے تھے وہ انہیں حاصل ہوا۔

صدر بائیڈن نے نیٹو کے بقیہ اتحادیوں پرزوردیا جنہوں نے ابھی تک نیٹو میں دونوں ممالک کے الحاق کی توثیق نہیں کی ہے کہ وہ ایسا جلد کریں۔ "فن لینڈ اورسوئیڈن میں مضبوط جمہوری ادارے، مضبوط فوج اورمستحکم و شفاف معیشتیں قائم ہیں۔ وہ نیٹو کی تمام شرائط پر پورا اتریں گے اور ہمارے اتحاد کو مضبوط بنائیں گے۔‘‘

صدر بائیڈن نے نوٹ کیا کہ نیٹو میں رکنیت کے لیے دونوں ممالک کی درخواست کو امریکی سینیٹ میں زبردست دوجماعتی حمایت حاصل تھی، جیسا کہ تین اگست کو سینیٹ کے ووٹ میں دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حمایت نے پیغام دیا کہ ہم اپنے اتحادیوں اورشراکت داروں کے ساتھ مل کر وہ مستقبل تشکیل دینے جا رہے ہیں جوہم دیکھنا چاہتے ہیں۔ اورایک ایسے لمحے میں جب پوٹن کے روس نے یورپ میں امن و سلامتی کو تباہ و برباد کر دیا ہے، جب مطلق العنان حکمران اصولوں پراستوارضابطوں کی بنیادوں کوچیلنج کر رہے ہیں، ٹرانس اٹلانٹک اتحاد کی طاقت اورنیٹو کے لیے امریکہ کی وابستگی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

صدربائیڈن نے واضح کیا کہ نیٹو میں شامل ہونے کے لیے فن لینڈ اورسوئیڈن نیٹو اتحاد کے بنیادی مقصد کے ساتھ ایک "مقدس عہد" کر رہے ہیں۔ نیٹو کا آرٹیکل 5، ہررکن ملک کو باہمی دفاع کا پابند کرتا ہے، یعنی ایک رکن ملک کے خلاف حملہ تمام اراکین کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔

صدر بائیڈن نے اعلان کیا کہ "آج ہم سب کچھ واضح طور پر دیکھ رہے ہیں کہ نیٹو کس طرح آج کی دنیا اور آنے والے کل کی دنیا کے لیے ایک ناگزیر اتحاد ہے۔"جب فن لینڈ اور سوئیڈن کی شمولیت سے اتحادیوں کی تعداد 32 تک ہو جائے گی تو ہم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں گے۔ اور اس سے ہم سب لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG