Accessibility links

Breaking News

امریکہ اور جی سیون جبری مشقت، سائبر حملوں اور کرپشن کے خلاف سرگرم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صدر بائیڈن اور جی سیون کے لیڈروں نے عالمی سطح پر جبری مشقت کے لیے لوگوں کی مسلسل فراہمی، کمپیوٹر یا سائبر حملوں کے عوض تاوان وصول کرنے اور بد عنوانی سے نمٹنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

امریکہ اور اس کے جی سیون شراکت دار جبری مشقت کے لیے عالمی سطح پر لوگوں کی دستیابی کے سلسلے کے بارے میں گہری تشویش رکھتے ہیں۔ اس میں حکومت کی سرپرستی میں مجبور افراد سے جبری مشقت لینے کا معاملہ بھی شامل ہے۔ مثال کے طور پر چین میں ایغور اور دیگر نسلی اور مذہبی اقلیتی گروپوں سے زراعت، شمسی توانائی اور پارچہ بافی کی صنعت میں جبری مشقت کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے۔

جی سیون کے لیڈروں نے انسانی حقوق کی پاسداری اور جبری مشقت کے خلاف افراد کے تحفظ کے لیے اتفاقِ رائے کیا ہے۔

اس کے ساتھ جی سیون کے ملکوں نے سائبر ہیکنگ کے عوض تاوان وصول کرنے والے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ کارروائی کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جی سیون ممالک کے علاوہ دیگر ملکوں کے اہم انفراسٹرکچر، مینو فیکچرنگ، الیکٹرانک کمپنیوں اور اسپتالوں کو بھی اسی طرح کے سائبر خطرات کا سامنا ہے۔

بین الاقوامی مجرم سائبر اداروں، بنیادی ڈھانچے، ورچوئل کرنسی اور منی لانڈرنگ کے نیٹ ورکس کو دباؤ ڈالنے کے حربے کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور پوری دنیا میں اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومتیں اور پرائیوٹ سیکٹر مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا اہم انفراسٹرکچر اس طرح کے حملوں کا مقابلہ کر سکے۔ مزید براں زہریلی سائبر سرگرمیوں کی باقاعدہ تفتیش کی جائے اور انہیں جواب دہ ٹھیرایا جائے۔ اس کے لیے اجتماعی سائبر نظام قائم کیا جانا چاہیے۔ ہر ملک پر لازم ہے کہ وہ انفرادی طور پر اپنی سرحدوں کے اندر ایسی مجرمانہ سرگرمیوں کا قلع قمع کرے۔

جی سیون ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کرپشن کے خلاف اجتماعی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ صدر بائیڈن نے کرپشن کے خاتمے کو ایک اہم قومی مسئلہ قرار دیتے ہوئے حال ہی میں نئی کوششوں کا اعلان کیا ہے۔ بد عنوانی کے خلاف جنگ کو تیز کرنے کے سلسلے میں انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اسٹڈی میمورنڈم جاری کیا ہے۔

بد عنوانی عوامی اعتماد کو زک پہنچاتی ہے، حکومت کو غیر مؤثر بناتی ہے، عوامی وسائل کو ضائع کرتی ہے اور جمہوری معاشروں کی جڑیں کھوکھلی کرتی ہے۔

اس کے علاہ کرپشن سے معیشت کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑتی ہے اور یہ بنیادی طور پر شہریوں کے ساتھ نا انصافی کا موجب بنتی ہے۔

جی سیون ممالک کے ساتھ مل کر امریکہ بے نامی کمپنیوں کے ناجائز استعمال کے مسئلے سے نمٹے گا۔ ان کمپنیوں کی اس صلاحیت کو ختم کرنے کے لیے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے ناجائز دولت کو مکانات اور زمینیں خریدنے کے لیے استعمال سے روکا جائے گا۔

کرپشن سے متعلق اطلاعات کے تبادلے کو بہتر بنایا جائے گا اور غیر ملکی امداد میں انسدادِ بد عنوانی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ امریکہ نے کرپشن کے خلاف جنگ کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے کے سلسلے میں جی سیون ممالک کے عزم کا خیر مقدم کیا ہے۔

جیسا کہ صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ اعلیٰ اقدار کو عزیز سمجھنے والے ملکوں کے ساتھ مل کر اب دنیا کی قیادت کے لیے واپس آ گیا ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG