Accessibility links

Breaking News

امریکہ اقوامِ متحدہ کی اضافی اصلاحات کی حمایت کرتا ہے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا کی پیش رفت جاری ہے اور یہ تبدیل بھی ہو رہی ہے۔ لہٰذا یہ واضح ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ایک بار پھر اقوام متحدہ میں بھی پیش رفت اور تبدیلی ہو۔

اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے خارجہ تعلقات کی کونسل کے ریمارکس میں اس بات پر زور دیا۔

سفیر تھامس گرین فیلڈ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اصلاحات کے ایک اہم جزو میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی تشکیل کا معاملہ بھی شامل ہونا چاہیے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’’میں یہ بات کہنے والی پہلی فرد نہیں ہوں۔ برسوں سے مختلف ممالک ایک زیادہ جامع اور زیادہ نمائندہ کونسل کا مطالبہ کر رہے ہیں جو آج کی دنیا کی آبادیات کی عکاسی کرے اور ان چیلنجوں کا بہتر جواب دے جن کا ہمیں آج سامنا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ دو سال پہلے صدر بائیڈن نے اعلان کیا کہ امریکہ سلامتی کونسل میں توسیع کی حمایت کرتا ہے تاکہ افریقہ کے ساتھ ساتھ لاطینی امریکہ اور کیربیئن کے ممالک کو مستقل نمائندگی فراہم کی جا سکے۔‘‘

امریکہ سلامتی کونسل میں افریقہ کے لیے دو مستقل نشستیں مختص کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ سفیر تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ ’’یہ بالکل ویسے ہی ہے جو ہمارے افریقی شراکت دار چاہتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ یہی انصاف ہے۔

سفیر تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد رکن ریاستوں نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ علاقائی نمائندگی سے ہٹ کر چھوٹے جزیرے کی ترقی پذیر ریاستوں کے لیے بھی کونسل میں ایک نشست محفوظ کرنے پر غور کیا جائے۔

سفیر کہتی ہیں کہ ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بھی فخر ہے کہ امریکہ چھوٹے جزیرے کی ترقی پذیر ریاستوں کے لیے سلامتی کونسل میں ایک نئی منتخب نشست کی حمایت کرتا ہے۔ ہمارے پاس اس طرح کی نشست پہلے کبھی نہیں تھی۔ لیکن اس مثال سے کہیں زیادہ اہم ایک ایسی سلامتی کونسل ہے جو نمائندہ اور جامع ہو اور مستقبل میں ہماری رہنمائی کر سکے۔

آخر میں سفیر تھامس گرین فیلڈ نے اعلان کیا کہ امریکہ کونسل اصلاحات کے متن پر مبنی مذاکرات میں شامل ہونے کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم دوسرے ممالک کے ساتھ زبان، ترامیم کی تیاری اور جنرل اسمبلی میں ووٹ کے لیے اس قرارداد کی تیاری اور بالآخر اقوامِ متحدہ کے چارٹر میں ترمیم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس وقت کام یہ ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی نظام کو زیادہ جوابدہ اور مربوط بنانے کے حل پر تعاون کیا جائے اور اقوامِ متحدہ کے انسانی نظام کو زیادہ مؤثر اور زیادہ کارگر بنایا جائے۔ شفافیت کو بڑھانے اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے نمٹنے کے طریقے تلاش کرنا بھی اس میں شامل ہے۔

آخر کار ایک ایسی نمائندہ، جامع کونسل کی تعمیر شروع کی جائے جو 21ویں صدی کے تقاضوں کو پورا کرتی ہو۔ سفیر تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ ’’امریکہ قیادت کر سکتا ہے اور اسے قیادت کرنی چاہیے۔ ہمیں کثیرالجہتی مقاصد کے مستقبل کے لیے ایک مثبت ایجنڈے کے ساتھ قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG