خواتین کی اقتصادی سیکیورٹی کے لیے امریکی حکمتِ عملی

فائل فوٹو


کیا دنیا کے بڑے بڑے مسائل اس کی نصف آبادی کی مکمل شرکت کے بغیر حل ہو سکتے ہیں؟

امریکہ کی طرف سے اس کا جواب ایک بھرپور "نہیں" ہے جیسا کہ وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے خواتین کی عالمی اقتصادی سیکیورٹی پر پہلی امریکی حکمتِ عملی کے آغاز کے موقع پر کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ وبائی مرض کووڈ-19 سے پیدا ہونے والی صورتِ حال سے مکمل بحالی کے لیے خواتین کی مکمل معاشی شرکت بلکہ درحقیقت ان کے قائدانہ کردار کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں تنازعات کے حل کے لیے خواتین کی رہنمائی کی ضرورت ہے، ہمیں موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ان کے نظریات اور ان کی جدت کی ضرورت ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ نئی امریکی حکمتِ عملی کا مرکزی نکتہ ایک سادہ سی بصیر ہے۔ یعنی ایک ایسی دنیا کی تشکیل جس میں خواتین اور لڑکیاں ہر جگہ اپنا حصہ ڈال سکیں اور اقتصادی ترقی اور خوشحالی سے فائدہ اُٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا یہ ایک ایسی دنیا ہے جس میں ہم سب بہتر حال میں ہوں گے۔ 2025 تک افرادی قوت میں صنفی فرق کو ختم کرنے سے عالمی معیشت میں 28 کھرب ڈالر تک کا اضافہ ہو جائے گا۔

تاہم خواتین کی مکمل معاشی شرکت کی راہ میں سماجی، قانونی اور مالی سمیت دوسری رکاوٹیں حائل ہیں۔ وزیر خارجہ بلنکن نے ان کوششوں کا چار سطری خاکہ پیش کیا جو امریکہ اس ضمن میں کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اول یہ کہ ہم خواتین کی معاشی مسابقت کی صلاحیت کو بڑھائیں گے تاکہ خواتین تمام شعبوں میں تمام صنعتوں میں بھرپور حصہ لے سکیں اور قیادت کر سکیں۔

اس کوشش کا دوسرا حصہ یہ ہوگا کہ بچوں کی دیکھ بھال، بزرگوں کی دیکھ بھال جیسے کاموں کے لیے بنیادی مدد فراہم کی جائے۔ ان کے نظام کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے تاکہ خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں مکمل طور پر حصہ لینے کا وقت اور موقع مل سکے۔

اس حکمتِ عملی کا تیسرا حصہ خواتین کے کاروبار یا انٹرپرینیورشپ اور مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے پر مشتمل ہوگا اورحکمت عملی کے چوتھے اور آخری حصے کے مطابق امریکہ معیشت میں خواتین کی مساوی شرکت کی راہ میں حائل ان رکاوٹوں کو ختم کرنے میں مدددینے کے لیے کام کرے گا جو پورے نظام میں پائی جاتی ہیں۔

امریکہ امتیازی قوانین کو منسوخ کرنے کے لیے اقوام کی حوصلہ افزائی کرے گا اور ایسی اصلاحات کی وکالت کرے گا جن کے تحت صنفی مساوات کو فروغ دیا جاسکے اور انہوں نے کہا کہ ان کوششوں میں سے ہر ایک پر ہم دنیا بھر کے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے واضح کیا کہ "خواتین کے معاشی تحفظ کو فروغ دینا درست کام ہے اور یہ ذہانت پر مبنی ضروری کام بھی ہے۔ جب معاشرے کا ہر فرد اپنی پوری صلاحیتوں کے مطابق اپنا حصہ ڈال سکتا ہے، توہماری معیشتیں زیادہ خوشحال ہوں گی، ہمارے معاشرے زیادہ مواقع سے بھرے ہوں گے، ہماری قومیں زیادہ پرامن ہوں گی اور ہر کوئی بہتر (زندگی گزارنے کا اہل ) ہوگا۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**