Accessibility links

Breaking News

امریکہ اور برطانیہ کے پائیدار تعلقات


فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانیہ کے اپنے حالیہ دورے میں وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے امریکہ اور برطانیہ کے درمیان پائیدار تعلقات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات دنیا کے لیے بھی اہمیت کے حامل ہیں۔ جو کام ہم سر انجام دیتے ہیں اس سے نہایت اہم عالمی مسائل پر پیش رفت ہوتی ہے۔ ان میں کرونا وبا کی روک تھام، موسمیاتی تبدیلی کے خطرے پر توجہ دینا، جمہوری اقدار اور کھلے معاشروں کا دفاع شامل ہے۔

مستقبل کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے، امریکہ اور برطانیہ اس بات کو یقینی بنانے کا مشترکہ عہد رکھتے ہیں کہ دنیا کسی اگلی عالمی وبا کا پتا چلانے اور اس سے بچاؤ کرنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہو۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ ہمیں عالمی اقتصادی بحالی کی بھی قیادت کرنی ہے جو پائیدار ہو اور مساوات پر مبنی ہو تاکہ ان لوگوں کی مدد ہو سکے جنہیں کووڈ کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ ضابطوں پر مبنی بین الاقوامی نظام اور جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کو درپیش خطروں کا سامنا کرنے میں امریکہ اور برطانیہ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے مل کر برطانوی اور امریکی کاروبار کو چین میں سنکیانگ اور دوسری جگہوں پر جبری مشقت کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے۔

اینٹنی بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم سنکیانگ میں مظالم اور ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز سرگرم کارکنوں اور سیاست دانوں کی پکڑ دھکڑ کے خلاف ہیں جو چین کے بین الاقوامی وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکہ، چین اور دنیا میں دوسری جگہوں پر میڈیا کی آزادی کے خلاف جبر پر توجہ دینے کے لیے اپنا ٹھوس تعاون جاری رکھیں گے۔

درحقیقت برطانیہ نے تعزیرات کے دو عالمی پروگراموں کی منظوری دی تاکہ بدعنوانی کا قلع قمع کیا جا سکے اور انسانی حقوق کو سر بلند کیا جا سکے۔ 26 اپریل کو بدعنوانی سے متعلق پروگرام کے تحت اولین تعزیرات میں دوسری باتوں کے علاوہ ان روسی افراد کو ہدف بنایا گیا جو سرگئی میگنسکی کیس میں ملوث تھے۔ اس کیس کا تعلق ایک ایسے وکیل سے تھا جو بدعنوانی کی تفتیش کر رہا تھا اور جو روسی حکام کی حراست میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

دونوں اقوام نیٹو سے بدستور وابستگی رکھتی ہیں اور مشترکہ اقدار کے دفاع اور براہِ راست خطرات کا جواب دینے کے لیے بحرِ اقیانوس کے آر پار اتحاد کو برقرار رکھنے کا عہد کیے ہوئے ہیں۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ برطانیہ سے زیادہ امریکہ کا کوئی اور گہرا اتحادی اور قریبی شراکت دار نہیں ہے، اور میں اس بات کا دوبارہ اعادہ کرنے کا موقع ملنے پر نہایت مسرت محسوس کرتا ہوں۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG