امریکہ نے لیبیا کے سیاسی رہنماؤں سے اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام مذاکرات میں شرکت کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کی ہے۔
اقوامِ متحدہ میں خصوصی سیاسی امور کے لیے امریکی متبادل نمائندے سفیر رابرٹ ووڈ نے کہا: ’’ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سیاسی معاہدہ لمبے عرصے سے تعطل کا شکار انتخابات کی خاطر ایک قابلِ عمل طریق کار کے لیے بہت ضروری ہے اور ہم یو این ایس ایم آئی ایل کی لیبیا میں اقوامِ متحدہ کے سپورٹ مشن کی اقتدار میں شامل کلیدی عناصر کے حوالے سے مذاکرات میں شرکت کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
سفیر ووڈ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ جو لوگ اس عمل میں تاخیر کرتے ہیں وہ بڑی حد تک اس حوالے سے موردِ الزام ہیں کیوں کہ ایک جائزاور متحد حکومت کے انتخاب کے بغیر مزید وقت ضائع ہو رہا ہے۔
اقتصادی محاذ پر بڑھتے ہوئے عدم استحکام کا ثبوت لیبیا کے دینار کی قدر میں حالیہ کمی سے ظاہر ہوتا ہے اور ملک میں گہری ہوتی ہوئی سیاسی تقسیم کو ہوا دے رہا ہے۔
سفیر ووڈ نے کہا کہ لیبیا کے عوام کو ضروری خدمات کی فراہمی اور محصولات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ لیبیا ایک متفقہ بجٹ بنائے اور کرنسی کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
سفیر ووڈ نے کہا کہ ’’فوجی اتحاد کی جانب پیش رفت ایک ایسی کلید ہے جو لیبیا کی خودمختاری کی توثیق کرنے اور لیبیا کو علاقائی تنازعات میں الجھنے سے روکتی ہے۔
رابرٹ ووڈ کہتے ہیں کہ ’’ہم نائج، چاڈ، سوڈان اور مالی کی صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس میں غیر ملکی جنگجوؤں کی نقل و حرکت اور اسلحے کی بے تحاشہ اسمگلنگ اور لیبیا کے عدم استحکام کے مضمرات جیسے امور شامل ہیں۔
سفیر ووڈ نے کہا کہ سلامتی کونسل نے فروری میں لیبیا سے تمام غیر ملکی افواج، غیر ملکی جنگجوؤں اور کرائے کے فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا تھا۔
وہ کہتے ہیں: ’’ہم خاص طور پر روس کے حمایت یافتہ ویگنر گروپ کی کارروائیوں سے پریشان ہیں۔ یہ ایک بین الاقوامی مجرمانہ تنظیم ہے جو لیبیا کی خودمختاری یا اس کے پڑوسیوں کی کوئی پرواہ نہیں کرتی ہے۔ ہماری یہ تشویش روس کی افریقہ کور کی طرف سے ویگنر کے اہلکاروں کو شامل کرنے تک بڑھ چکی ہے۔
سفیر ووڈ نے کہا کہ ہم دوسرے رکن ممالک کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ ہتھیاروں اور تیل کی غیر قانونی برآمدات پر پابندیوں کو لاگو کرنے کی کوششوں کی حمایت کریں۔
رابرٹ ووڈ کہتے ہیں کہ ’’خلاف ورزی کرنے والے لیبیا میں بگڑتی ہوئی سیاسی، سیکیورٹی اور انسانی صورتِ حال کے ذمے دار ہیں۔
امریکہ لیبیا میں امن و استحکام کو لاحق خطرات کو روکنے کے لیے پابندیوں کے استعمال کے لیے پرعزم ہے۔
یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔