Accessibility links

Breaking News

یوکرین میں کرپشن کا مقابلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یوکرین اور دنیا بھر میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے سب سے ضروری امر بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ روس اور چین جیسے ممالک بدعنوان عناصر کے ساتھ مل کر قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے لیے اصلاح پسندوں کے خلاف لڑتے ہیں اور اندر سے جمہوریت کو کھوکھلا کرنے کے درپے ہیں۔

یہ باتیں یو ایس ایڈ کی سربراہ سمانتھا پاور نے “ڈیموکریسی ان ایکشن: زیرو کرپشن” کے ایک حالیہ اجلاس میں کہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین میں پچھلے چند برسوں کے دوران جو شاندار کامیابیاں حاصل کی گئیں، وہ اس وقت خطرے میں ہیں۔ سرکاری شعبوں میں قیمتی سرمایہ کاری ہوئی ہے اور یورپی منڈیوں اور ان کے نظام میں یہ تیزی سے ضم ہو رہی ہیں، ان کو اب کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

صدر بائیڈن نے حال ہی میں جو صدارتی میمورنڈم جاری کیا ہے اس میں قومی سلامتی کے استحکام کے لیے کرپشن کے خاتمے کو لازم قرار دیا ہے۔ میمورینڈم میں کہا کیا گیا ہے کہ بد عنوانی معاشروں کو مفلوج کر دیتی ہے۔ ٹیکس دہندگان شہریوں کے جیبوں پر ڈاکہ ڈالتی ہے ، سرکاری اداروں پر قائم عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچاتی ہے اور معیار زندگی کو بہتر کرنے کے لیے عشروں سے جاری عالمی سرمایہ کاری کو ضائع کر دیتی ہے۔

منتظم اعلیٰ سمانتھا پاور نے کہا کہ اسی لیے یوکرین سے بد عنوانی کا خاتمہ یو ایس ایڈ کا اولین مقصد ہے۔ یو ایس ایڈ کے موجودہ کاموں کا خلاصہ یہ ہے کہ مفادِ عامہ کی خدمات کو ڈیجیٹل بنانا، ادارہ جاتی اصلاحات کو فروغ دینا، حکومتی وسائل کو ایسے مقامی حکام کے حوالے کرنا جو نہ صرف ایمان دار ہوں بلکہ اپنے فرائض کو بخوبی سر انجام دینے کے اہل بھی ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم سول سوسائٹی اور میڈیا اصلاح پسندوں کی بھرپور حمایت بھی کر رہے ہیں ان میں اینٹی کرپشن ایکشن سینٹر جیسے ادارے شامل ہیں۔

مزید پیش رفت کرتے ہوئے یو ایس ایڈ اپنے ادارے کے اندر ایک اینٹی کرپشن ٹاسک فورس قائم کر رہا ہے جو بدعنوانی کے خلاف کوششوں کو مربوط اور مستحکم بنائے گی۔ یوکرین اور اس سے پرے کرپشن کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ امریکی ادارہ اندرونی اور بیرونی ماہرین کی علمی خدمات سے استفادہ کرے گا۔

اینٹی کرپشن ٹاسک فورس یو ایس ایڈ کے موجودہ پروگراموں کا جائزہ لے گی اور اس بات کی نشان دہی کرے گی کہ کس طرح غیر ملکی امداد کو بدعنوانی کو کم یا ختم کرنے کے لیے مؤثر طور پر استعمال کیا جائے۔

یو۔ ایس۔ ایڈ کے مختلف شعبوں میں بدعنوانی کے خلاف کوششوں میں اینٹی کرپشن ٹاسک فورس رہنمائی کا کام کرے گی تاکہ ان کوششوں کو مربوط کیا جائے اور ایک ایسا تیز رفتار میکنزم تشکیل دیا جائے جس کے ذریعے جمہوری اور انسدادِ بدعنوانی کے لیے اصلاحات پر جلد از جلد عمل کیا جا سکے۔

اس نئی تیز رفتار کوشش کے لیے صدر بائیڈن نے نئے بجٹ میں پانچ کروڑ ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔ امریکہ اپنے ان مقاصد کو مزید وسعت دینے اور دوسرے ممالک کی اس سلسلے میں حوصلہ افزائی کے لیے پر عزم ہے۔

صدر بائیڈن اس بارے میں ہونے والی ایک سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کا مقصد جمہوریت کا فروغ، بد عنوانی کے خلاف جنگ اور انسانی حقوق کا تحفظ ہے۔

یو ایس ایڈ کی سربراہ سمانتھا پاور نے کہا ہے کہ میں چاہتی ہوں کہ اس فورم کے تمام شرکا کو یہ باور کرایا جائے کہ امریکہ مزید ایمان دارانہ ،منصفان ہاور جمہوری دنیا کے قیام کے لیے آپ کے ساتھ مضبوطی اور جرات کے ساتھ کھڑا ہے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG