Accessibility links

Breaking News

کرائمیا پر روس کے قبضے کا خاتمہ ناگزیر


روسی حکومت کے مرکز کریملن پر روسی پرچم لہرا رہا ہے۔ (فائل فوٹو)
روسی حکومت کے مرکز کریملن پر روسی پرچم لہرا رہا ہے۔ (فائل فوٹو)

کرائمیا پر روسی یلغار اور قبضے کے سات سال پورے ہونے پر امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں اس بنیادی سچائی کا اعادہ کیا ہے کہ کرائمیا یوکرین کا حصہ ہے۔

وزیرِ خارجہ نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ جزیرہ نما کرائمیا پر قبضے اور وہاں فوجی طاقت میں بڑھتے ہوئے اضافے سے یوکرین کی سرحدوں سے کافی پرے اثرات مرتب ہوں گے جن سے دنیا کی مشترکہ سلامتی کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

ان کے بقول یہ حقیقت ہے کہ اس قبضے کی بھاری انسانی قیمت دینا پڑی ہے۔ روسی قابض حکام نے کرائمیا کے تاتاریوں، نسلی یوکرینی باشندوں اور کرائمیا میں دوسرے اقلیتی نسلی اور مذہبی گروپوں کے ارکان کے خلاف مستقل بنیاد پر جبرو استبداد کی ظالمانہ مہم چلا رکھی ہے۔

اینٹنی بلنکن نے کہا کہ روسی حکام نے مسجدوں اور گھروں پر دھاوا بولا ہے، آزاد میڈیا کو جزیرہ نما سے نکال باہر کیا ہے اور ان لوگوں کو طویل قید کی سزائیں سنائی ہیں جو اس کے قبضے کے خلاف آواز بلند کرنے کی جرات کرتے ہیں۔ روس کے جبر استبداد نے کرائمیا کے مکینوں کو مستقل خوف کی حالت میں مبتلا کررکھا ہے جو بحفاظت اپنی زندگی نہیں گزار سکتے۔

وزیر خارجہ بلنکن نے روس پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر کرائمیا پر اپنا قبضہ ختم کرے اور یوکرین کے ان تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے جنھیں اس نے بلاجواز پکڑ رکھا ہے اور جزیرہ نما کا مکمل کنٹرول یوکرین کے حوالے کردے۔

اسی طرح انھوں نے روس پر اس بات کے لیے بھی زور دیا کہ وہ مشرقی یوکرین میں اپنی جارحیت کا خاتمہ کرے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ مشرقی یوکرین میں اس کی جارحیت اور کرائمیا پر قبضے کے ردِعمل میں روس کے خلاف امریکی تعزیرات اس وقت تک بدستور برقرار رہیں گی جب تک کہ روس اپنا راستہ تبدیل نہیں کرتا۔

امریکہ کرائمیا پر قبضے کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی کبھی ایسا کرے گا۔ امریکہ یوکرین کی نئی پیش قدمیوں مثلاً کرائمین پلیٹ فارم کا خیر مقدم کرتا ہے جس کا مقصد کرائمیا پر قبضے کے بارے میں بین الااقوامی ردِعمل کو زیادہ مؤثر بنانا اور سلامتی کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنا اور روس پر بین الااقوامی دباؤ میں اضافہ کرنا، انسانی حقوق کی مزید خلاف ورزیوں کو روکنا، مقبوضہ طاقت سے متاثرین کا تحفظ، کرائمیا پر روسی قبضے کا خاتمہ اور جزیرہ نما کا مکمل کنٹرول یوکرین کو واپس دلانا ہے۔

کرائمیا سے منسوب اس پلیٹ فارم کا افتتاح سرکاری طور پر 23 اگست 2021 کو کیو میں ایک سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا۔

امریکہ یوکرین، اس کے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر برابر کام کرتا رہے گا تاکہ جزیرہ نما کرائمیا پر روس کے قبضے اور مشرقی یوکرین میں اس کی جارحیت کا خاتمہ کیا جاسکے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG