Accessibility links

Breaking News

انسانی امداد کے کارکنوں کے لیے خراجِ تحسین


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس مہینے میں عالمی یوم انسانیت منایا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسا موقع ہے جب ہم ان تمام انسانی امدادی کارکنوں کی یومیہ قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یہ فلاحی کارکن دنیا کے بعض مشکل ترین مقامات پر فرائض اداکرتے ہیں اور اپنی سلامتی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ وہ دنیا کی سب سے کمزور اور مایوس آبادیوں کو امداد اور راحت فراہم کرتے ہیں اور امریکہ ان کی اس لگن، ہمدردی اور انسانیت کا احترام کرتا ہے۔

انسانی بحران کی وجہ سے بدستور متعدد افراد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے اور انسانی ہمدردی کا کام بگڑتی ہوئی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اہم ہے یہاں تک کہ بعض اوقات یہ زیادہ خطرناک ہو جاتا ہے۔ درحقیقت گزشتہ برس کے دوران 280 فلاحی کارکنان بے لوث طریقے سے دوسروں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے مارے گئے۔ یہ انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والوں کے لئے اب تک کا سب سے مہلک سال تھا۔

سوڈان، غزہ، جمہوریہ کانگو اور دیگر جگہوں پر جاری بحرانوں میں انسانی ہمدردی کے کارکن اکثر انتہائی مشکل حالات میں کام کرتے ہیں۔ ان حالات میں فعال تنازعات بھی شامل ہیں اور اس بات کو یقینی بنا نا بھی کہ جان بچانے والی امدادانتہائی ضرورتمند افراد تک پہنچ جائے۔

ان کے اقدامات کمیونٹیز کو ان کی ضرورت کے انتہائی سنگین لمحات میں مدد فراہم کرتے ہیں، اور ایک محفوظ اور زیادہ تحفظ والی دنیا میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

امریکہ انسانی ہمدردی کےان فلاحی کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور جان بچانے اور دنیا بھر میں مصائب کے خاتمے کی خاطر اہم وسائل مختص کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہی وجہ ہے کہ 2023 میں امریکہ نے تقریباً 15 بلین ڈالر کی انسانی امداد فراہم کی اور 2024 میں بھی امریکہ دنیا بھر میں درکار انتہائی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے آگے بڑھا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے ایک بیان میں کہا کہ ’’امریکہ انسانی بحرانوں سے نمٹنے اور مربوط بین الاقوامی ردِعمل اور سفارتی رابطہ کاری کے ذریعے تنازعات کو حل کرنے میں مدد کے لیے توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ’’تنازعاتی صورتِ حال میں انسانی ہمدردی کے کارکنوں کے لیے فوری، محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی کو ممکن بنایا جائے تاکہ وہ بغیر کسی مداخلت کے ان لوگوں تک پہنچ سکیں جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔

اس وقت تقریباً 300 ملین افراد کو انسانی امداد اور تحفظ کی ضرورت ہے اور امریکہ اس کام کے لیے اپنی ثابت قدمی کا اعادہ کرتا ہے اور بین الاقوامی شراکت داروں پر زور دیتا ہے کہ وہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تعاون میں اضافہ کریں۔

قومی سلامتی کونسل کے ترجمان شان سیویٹ نے کہا کہ ’’مل کر کام کرتے ہوئے ہم لاتعداد زندگیوں میں بامعنی تبدیلی لا سکتے ہیں جو زندگیوں کو محفوظ کرے۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG