Accessibility links

Breaking News

حوثیوں کی غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کے طور پر دوبارہ نامزد گی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایسے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم یا ایف ٹی او کے طور پر دوبارہ نامزد کر دیا گیا ہے۔

یہ حکم صدر جو بائیڈن کے 2021 کے حکم نامے کو تبدیل کر دیتا ہے جس نے اس تنظیم کو ایف ٹی او سے نکال دیا تھا۔ یہ نامزدگی صدر ٹرمپ کی پہلی مدت کے دوران کی گئی تھی۔

حوثیوں کو پہلے انصار اللہ کے نام سے جانا جاتا تھا اور اسے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کور کی قدس فورس کی حمایت حاصل ہے۔

سن 2023 کے بعد سے حوثیوں نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں امریکی فوجی جہازوں کے ساتھ ساتھ ڈرامائی طور پر تجارتی جہاز رانی کے حملوں میں اضافہ کر دیا۔

ان کا دعویٰ ہے کہ وہ غزہ کی جنگ میں فلسطینیوں کی حمایت کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے 100 سے زیادہ بار تجارتی جہازوں پر حملہ کیا ہے جن میں کم از کم چار شہری مارے گئے ہیں۔

انہوں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر متعدد حملے کیے اور اسرائیل پر 300 سے زیادہ میزائل داغے۔

انہوں نے دو مال بردار بحری جہازوں پر قبضہ کیا اور بحریہ کے جنگی جہازوں پر درجنوں بار فائرنگ کی جس سے یونیفارم میں امریکی مردوں اور عورتوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے ایگزیکٹو آرڈر میں لکھا کہ ’’حوثیوں کی سرگرمیاں عالمی سمندری تجارت کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں اور اہلکاروں کی سلامتی اور ہمارے قریبی علاقائی شراکت داروں کے تحفظ کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

امریکہ نے2023 میں بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت کی حفاظت کے لیے ایک کثیر القومی اتحاد تشکیل دیا۔

صدر ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر میں حوثیوں کے خلاف وضع کیا گیا ردِعمل زیادہ مضبوط دکھائی دیتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے لکھا کہ ’’یہ امریکہ کی پالیسی ہے کہ انصار اللہ کی صلاحیتوں اور کارروائیوں کو ختم کرنے کے لیے اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرے اور اس کے ساتھ ساتھ تنظیم کو وسائل سے محروم کرتے ہوئے امریکی اہلکاروں اور شہریوں پر حملے، امریکی شراکت داروں اور بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت پر حملوں سے روکا جا سکے۔

وائٹ ہاؤس کے حقائق سے متعلق ایک جائزے کے بعد اس بات کی جانب توجہ مرکوز کرائی گئی ہے کہ صدر یو ایس ایڈ (بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے) کو ان اداروں کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کرنے کی ہدایت کریں گے جنہوں نے حوثیوں کو ادائیگیاں کی ہیں یا حوثیوں کا مقابلہ کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کی مخالفت کی ہے اور یوں انھوں نے حوثیوں کی دہشت گردی اور بدسلوکی پر مبنی رویئے کو نظر انداز کیا ہے۔

حوثیوں کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے سے ان کے مالیاتی نیٹ ورکس اورغیر ملکی امداد کو روکنا آسان ہو جاتا ہے اور یہ طرز عمل خطے کو ان کی خطرناک اور عدم استحکام کی سرگرمیوں سے نجات دلانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG