Accessibility links

Breaking News

خواتین کا عالمی دن


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خواتین کا عالمی دن منانے کے لیےعالمی برادری آٹھ مارچ کو اکٹھی ہوتی ہے۔ یہ دن پوری تاریخ اور تمام اقوام کے لیے خواتین کی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع ہے۔ آج کا دن ان مسائل کو اجاگر کرتا ہے جو خواتین کو مسلسل پسماندہ رکھے ہوئے ہیں۔ ان مسائل میں امتیازی صنفی ضوابط ، صنفی عدم مساوات، تولیدی حقوق پر پابندیاں، صنفی بنیاد پر تشدد اور وہ رکاوٹیں شامل ہیں جو معاشرے میں خواتین کی بھرپور شرکت کی راہ میں حائل ہیں۔

صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ’’کئی دہائیوں کی ترقی کے باوجود دنیا بھر میں متعدد پرخواتین اور لڑکیوں کے حقوق پر اب بھی حملے ہو رہے ہیں جو پوری کمیونٹیز کو آگے بڑھنے سے روکنے کا سبب ہیں۔‘‘

صدر بائیڈن نے کہا کہ ’’افغانستان میں ہم اس صورتِ حال کا مشاہدہ کر رہے ہیں جہاں طالبان خواتین اور لڑکیوں کو اسکول جانے اور ملازمت کرنے سے روکتے ہیں۔ ہم اسے ایران میں دیکھتے ہیں جہاں حکومت بے دردی سے ان خواتین کی آوازوں کو دبا رہی ہے جو اپنی آزادی کے لیے استقامت کے ساتھ کھڑی ہیں اور یوکرین پر روس کے ظالمانہ اور غیر منصفانہ حملے کے تناظر میں خواتین سے زیادتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بھی شامل ہے۔

وہ بے شمار خواتین بھی ہماری نظر میں ہیں جو یوکرین کے تمام شہریوں کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے لیے بہادری سے نبرد آزما ہیں۔‘‘

خواتین نے گزشتہ 25 برسوں میں بہت سی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ ان میں صنفی مساوات، سیاسی نمائندگی اور زچگی سے متعلق شرح اموات پر پیش رفت شامل ہے۔ پھر خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے قانون سازی میں اصلاحات بھی اس پیش رفت کا حصہ ہیں۔ اس کے باوجود بیشتر ممالک میں خواتین کو اب بھی مالیاتی خدمات کے حصول میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے جن میں بینکنگ اور قرضوں کا حصول، وراثت میں جائیداد ملنے، کاروبار شروع کرنے، اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے یا گھر سے باہر ملازمتیں کرنے جیسے مسائل شامل ہیں۔ اکثر یہ معاملات فیصلہ سازی کے عمل سے باہر ہو جاتے ہیں جس کے ان پر غیر متناسب اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

صدر بائیڈن کہتے ہیں کہ ’’خواتین اور لڑکیوں کے لیے مواقع کو فروغ دینا سب کے لیے سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو تقویت دیتا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ اگر نصف آبادی پیچھے رہ جائے تو ہم اپنے
عہد کے کسی بھی بڑے عالمی چیلنج کو حل نہیں کر سکتے۔ اس لیے آج جب ہم دنیا بھر میں خواتین اور لڑکیوں کی کامیابیوں اور خدمات کا جشن منا رہے ہیں، ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ تمام لوگ اپنی مکمل صلاحیتوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں۔

خواتین ملک کے غیر استعمال شدہ کلیدی وسائل میں سے ایک ہیں۔ پھلنے پھولنے کے لیے کوشاں کسی بھی معاشرے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی خواتین کو بااختیار بنائے اور ان کے لیے وہی حقوق فراہم کرے جو مرد وں کو پہلے سے حاصل ہیں۔

خواتین کے عالمی دن پر ہم تسلیم کرتے ہیں کہ خواتین کے حقوق انسانی حقوق ہیں۔ ہم خواتین کے لیے جشن مناتے ہیں اور دنیا کو ایک ایسی جگہ بنانے کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں جہاں خواتین کو خارج نہیں کیا جاتا اور جہاں خواتین کو نظر انداز بھی نہیں کیا جاتا بلکہ ان کی عزت، احترام اور مکمل صلاحیتوں کا ادراک کرنے کے لیے اختیار دیا جاتا ہے۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG