Accessibility links

Breaking News

داعش کے خلاف مہم میں ایک بڑی کامیابی


فائل فوٹو
فائل فوٹو


ایک ظالم اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے پرعزم دہشت گرد کی ہلاکت سے دنیا زیادہ محفوظ جگہ بن گئی۔

پچھلے ماہ داعش کا عالمی لیڈر ابو ابراہیم القریشی المعروف حاجی عبداللہ یا محمد سعید عبد الرحمان المولا شام کے قصبے اطمه پر امریکی اسپیشل فورسز کے چھاپے میں ہلاک ہو گیا۔

اپنی بربریت بھری زندگی کے عین مطابق عبداللہ نے مرتے وقت اپنی بارودی جیکٹ کو دھماکے سے اڑا دیا اور دو بچّوں سمیت اپنے خاندان کو ہلاک کر دیا، کیوں کہ اس نے دیکھا کہ امریکی فوجیں اس مقام کے قریب پہنچ چکی تھیں جہاں وہ چھپا ہوا تھا۔

وہ ابو بکر بغدادی کی ہلاکت کے بعد اس کا جانشین بنا تھا۔ بغدادی 2019 میں ایک امریکی فوجی کارروائی کے دوران ہلاک ہوا تھا، اس نے بھی بارودی جیکیٹ کو دھماکے سے اڑا کر خودکشی کی تھی اور اپنے ساتھ اس نے اپنے تین بچّوں کو بھی ہلاک کردیا تھا ۔

فروری میں کیے جانے والے امریکی چھاپے کے بعد صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں عبداللہ کی دہشت گردی کی تاریخ کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ شمال مغربی عراق میں یزیدیوں کے قتلِ عام میں اس کا مرکزی کردار تھا۔

آبادیوں پر مظالم ڈھانے اور بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے کے بعد اس نے پوری دنیا میں داعش سے منسلک ذیلی دہشت گرد گروپوں کو پھیلانے کا کام بھی کیا۔ صدر بائیڈن نے اس کے بارے میں کہا کہ حال ہی میں اس نے شام کے ایک قید خانے پر جہاں داعش کے دہشت گرد قید تھے، ظالمانہ حملے کی رہنمائی کی اور جسے ہمارے بہادر شراکت دار شامی ڈیموکریٹک فورسز نے ناکام بنا دیا۔

امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ عبداللہ کی موت داعش کے لیے ایک کاری ضرب تھی اور اس سے ہمارے ملک اور شہری زیادہ محفوظ ہو گئے۔ یہ اب میدانِ جنگ سے نکل چکا ہے اور یہ اب کسی ایسی کارروائی کی قیادت نہیں کرے گا، جس سے ہماری زندگیوں کو مزیدخطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے اس معرکے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سطح پر داعش کو ختم کرنے اور اسے پارہ پارہ کرنے کے سلسلے میں ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہر حال اس کے خلاف یہ کارروائی عالمی سطح پر داعش کو شکست دینے والے عالمی اتحاد کے اراکین کے ایک بڑے مشن کا ایک حصّہ تھی اور ہماری یہ جنگ جاری ہے۔

صدر بائیڈن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ داعش پر دباؤ بدستور برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں عبداللہ کی ہلاکت قابلِ تعریف کارنامہ ثابت ہوئی ہے۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ اس سے پوری دنیا کے دہشت گردوں کو سخت پیغام ملا ہے کہ ہم آپ کے تعاقب میں ہیں اور آپ کو تلاش کر لیں گے۔

حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**

XS
SM
MD
LG