امریکہ میں ستمبر کے پہلے پیر کو محنت کشوں کا دن منایا جاتا ہے۔ بیشتر افراد آج کا دن موسم گرما کے سرکاری اختتام کے طور پر بھی مناتے ہیں۔ آج کے دن پکنک اور خاندانی اجتماعات کا اہتمام کیاجاتا ہے۔ سڑکوں پر پریڈز کی جاتی ہیں۔ لیکن سب سے بڑھ کر یہ دن ملک کے کارکنوں اور امریکہ کی خوشحالی میں ان کے تعاون کے اعزاز میں سب سے اہم دن بھی ہے۔
انیسویں صدی کے آخری پچاس برسوں کا بیشتر حصہ اور 20 ویں صدی کی پہلی سہ ماہی تک اِن مردوں اور عورتوں نے ان حقوق کے لیے بڑی جدوجہد کی جن کو آج ہم میں سے بہت سے لوگ اپنا فطری حق سمجھتے ہیں۔
ان کی اس جدوجہد کی بدولت آج ہم ایک ہفتے کے دوران پانچ دن میں 40 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ کام کے محفوظ حالات، بیمار ہونے پر یا جب ہمیں آرام کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے تو یہ وقت دیا جاتا ہے۔ اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے یہ سمجھتے تھے کہ بچوں کو اپنا دن اسکول میں گزارنا چاہیے اور بہتر مستقبل کی تیاری کرنی چاہیے۔ ان بچوں کو کوئلے کی کانوں میں کام یا کھیتوں میں فصل کی کٹائی یا اسٹیل ملز میں فرش صاف نہیں کرنے چاہئیں۔
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ’’میرے والد نے مجھے بچپن سے ہی یہ بات سکھائی کہ نوکری بذات خود تنخواہ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ اس کا تعلق وقار، احترام اور کمیونٹی میں آپ کے مقام کے بارے میں ہے۔
یہ پرعزم انداز میں اپنے بچوں کو سمجھانے اور انہیں یقین دلانے کی بات ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہو گا۔ جب امریکی روزانہ اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہیں تو وہ صرف روزی نہیں کما رہے ہوتے بلکہ مستقبل کی امید کے ساتھ زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔ ایسا کرتے ہوئے وہ ہماری قوم کی تعمیر کرتے ہیں، اس کا نظام چلاتے ہیں، اس کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور ترقی کے عمل میں حصہ لیتے ہیں۔
لیبر تحریک کے ابتدائی دنوں سے ہی مزدور رہنماؤں نے سمجھ لیا تھا کہ محنت کش طبقے کے لیے معاشی آزادی کے بغیرامریکیوں کی اکثریت کے لیے کوئی آزادی نہیں ہوگی۔ وہ سمجھ گئے تھے کہ متحد ہو کر کام کرنے سے، ایک کے بعد ایک مہم، احتجاج اور ہڑتال کے ذریعے اپنی کوششوں اور آوازوں کو ہم آہنگ کرنے سے ہی وہ منصفانہ معاوضہ ، کام کے لیے مناسب حالات اور وقار حاصل کر سکیں گے جس کے وہ حق دار ہیں۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ محنتی امریکی ہمارے ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
صدر مزید کہتے ہیں کہ ’’متوسط طبقے نے امریکہ کی تعمیر کی ہے اور یونینز نے متوسط طبقے کی تشکیل کی ہے۔
پائیدار متوسط طبقے کی زندگی کی بقا یونینز کے ذریعے ممکن ہوئی اورمحنت کشوں کے دن کے موقع پر ہم ان تمام محنت کشوں اور ان کی پائیدار تحریک کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو ہماری معیشت کو آگے بڑھاتے ہیں اور ہماری قوم کو مضبوط بنا رہے ہیں۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**