Accessibility links

Breaking News

امریکہ کا شمالی کوریا کی غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق معلومات کے لیے انعام کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کی حکومت کچھ ایسی معلومات کے لیے پانچ ملین ڈالر تک کے انعام کی پیشکش کر رہی ہے جو ڈیموکریٹک پیپلز ری پبلک آف کوریا یا شمالی کوریا کی حمایت کرنے والے افراد اور اداروں کے مالیاتی میکانزم میں مداخلت کا موقع فراہم کرے۔

شمالی کوریا عالمی پابندیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے مختلف افراد اور اداروں کے ساتھ رابطوں میں رہا ہے اور اپنے جوہری ہتھیاروں کی ترقی کے پروگرام کے لیے فنڈز مختص کر تا آیا ہے۔

ان افراد اور اداروں کی سرگرمیوں میں ہتھیاروں کی برآمدات، منی لانڈرنگ، منشیات کی اسمگلنگ، اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائلوں کی تیاری میں درکار خام مال، ٹیکنالوجی اور ایندھن کی خریداری شامل ہے۔

شمالی کوریا کی ان پابندیوں کو نظرانداز کرنے کی کوششوں میں اپنے ہتھیاروں کے پروگراموں کی مالی اعانت کے علاوہ ذاتی دولت میں اضافہ تک شامل ہیں۔

امریکی حکومت کی جانب سے انعام کی پیشکش ایسی معلومات کے لیے بھی ہے جو کسی بھی ایسے فرد یا اداروں کی مالی سرگرمیوں میں خلل ڈالے جو پر تعیش اشیا شمالی کوریا کو برآمد کرتے ہیں۔ ان میں آٹوموبائل، ڈیزائنر لباس، زیورات، پرفیوم، یا اس سے ملتی جلتی دیگر اشیا شامل ہیں۔ یہ اشیا ممکنہ طور پر صرف حکومتی اشرافیہ کے لیے وقف ہوتی ہیں۔

شمالی کوریا کی طرف سے قیمتی دھاتوں کی درآمد اور برآمد بھی اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔ ان میں سونا، ٹائٹینیم دھات، وینیڈیم ، تانبا، چاندی، نکل، زنک اور دوسری نایاب معدنیات بھی شامل ہیں۔

شمالی کوریا کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھی باعثِ تشویش ہیں۔ یہ کارروائیاں سنسر شپ سے لے کر سیاسی قیدی کیمپوں اور جبری مشقت کے کیمپوں تک پھیلی ہوئی ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی 2014 کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک اندازے کے مطابق 80,000 سے 120,000 تک شمالی کوریائی افراد سیاسی قید خانوں میں قید ہیں۔

امریکی حکومت شمالی کوریا کی غیر قانونی سائبر سرگرمیوں کے بارے میں معلومات میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔ شمالی کوریا مختلف آن لائن سرگرمیوں کا ذمہ دار ہے۔ ان میں رینسم ویئر اور مالویئر کا استعمال بھی شامل ہے۔ شمالی کوریا کے ہیکرز بھی معلومات اور ڈیجیٹل کرنسی کی چوری کے ارادے سے دنیا بھر کے سرکاری اور نجی نیٹ ورکس میں دخل انداز ہوتے ہیں۔

اگر آپ کے پاس ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد یا اداروں کے بارے میں کوئی معلومات ہیں تو براہِ کرم 'ریوارڈ فار جسٹس' پر رابطہ کریں۔ ٹیلی فون رابطے کے لیے 7843-702-202 1+ پر رابطہ کریں۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG