Accessibility links

Breaking News

نیٹو یوکرین کی مدد کے لیے پر عزم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ بیلجیم کے برسلز میں نیٹو کے وزرائے خارجہ کے حالیہ اجلاس سےجو واضح نتیجہ سامنے آیا ہے وہ یوکرین کے لیے اتحاد کی پائیدار حمایت اور وابستگی ہے۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ’’کچھ سوال اٹھائے جا رہے ہیں کہ ایسے میں جب کہ پوٹن کی بربریت کو دوسرا سال ہو رہا ہے، کیا امریکہ اور نیٹو کے دیگر اتحادیوں کو یوکرین کا ساتھ دیتے رہنا چاہئیے؟

تاہم نیٹو کے اجلاس میں واضح جواب سامنے آیا ہے اور یہ اٹل اور ضروری ہے اور ہم یوکرین کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس بات کو یقینی بنانا کہ روس کی جارحیت کی جنگ کی ناکامی آج بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنا کہ اس وقت جب تقریباً دو سال قبل کریملن نے اس جنگ کا آغاز کیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’میں نے اس لڑائی میں کسی تھکاوٹ یا پسپائی کا کوئی احساس نہیں دیکھا بلکہ اس کے برعکس آگے بڑھنے کا عزم ہی نظر آتا ہے اور اس کی ایک اچھی وجہ بھی ہے۔ میرا خیال ہے کہ ہر اتحادی اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ یہ محض درست کام کرنے کا معاملہ ہی نہیں ہے بلکہ یہ امریکہ سمیت ذاتی مفاد کا معاملہ بھی ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ’’اگر ہم روس جیسے ملک کو استثناٰ کے ساتھ کسی دوسرے ملک کی سرحدوں کو طاقت کے ذریعے دوبارہ متعین کرنے کی اجازت دیتے ہیں اور اسے کسی دوسرے ملک کے مستقبل کا تعین کرنے کی کوشش کرنے یا زبردستی ایسا کرنے کا اختیار دیتے ہیں تو پھر یہ کسی بھی جگہ جارحیت کرنے والے کے لیے راستہ دینے کے مترادف ہو گا۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے لیے، بلکہ یہاں موجود ہر ملک کے لیے، یوکرین کا مضبوطی سے ساتھ دینا بہت اہم رہا ہے۔

نیٹو کے بیشتر ارکان سمیت 50 سے زائد ممالک نے اس بات کو یقینی بنانے کا عہد کیا ہے کہ یوکرین کے پاس روس کی جارحیت کے خلاف نہ صرف اپنے دفاع کے لیے درکار وسائل موجود رہیں بلکہ اسے روس کے قبضے میں لیے گئے علاقے کو دوبارہ حاصل کرنے میں بھی مدد فراہم کی جائے۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ میرے خیال میں یہ انتہائی اہم ہے کہ متعدد ممالک کی جانب سے یوکرین کی مستقبل کی قوت کی تشکیل میں مدد کرنے کا عزم کیا جائے تاکہ ڈیٹرنس کو یقینی بنا تے ہوئے جارحیت کے خلاف دفاع کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ روسی رہنما ولادی میر پوٹن کا خیال ہے کہ وہ کسی بھی طرح یوکرین، اس کے عوام اور اس کے حامیوں کو پسپا کر سکتے ہیں۔

بلنکن نے مزید کہا کہ ’’نیٹو اتحاد ، اس میں شامل ممالک اور دنیا کے متعدد دوسرے ممالک کا کام یہ ہے کہ وہ یوکرین کو اپنے دفاع اور اپنے مستقبل کی تشکیل میں مدد دینے کے لیے کام کریں اور یہی اقدام پوٹن کے اس غلط تصور کو ختم کرنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔

یہ اداریہ امریکی حکومت کے خیالات کی ترجمانی کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG