وینزویلا کے بارے میں حقائق معلوم کرنے والے اقوامِ متحدہ کے ایک غیر جانب دار بین الاقوامی مشن نے ستمبر میں رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس بات پر یقین کرنے کے لیے مناسب بنیاد موجود ہے کہ وینزویلا میں انسانیت کے خلاف جرائم کیے گئے۔ ان میں قتل، لوگوں کو قید کرنا، ایذا رسانی، لوگوں کی جبری گمشدگی کیا اور آبروریزی اور جنسی تشدد جیسی کارروائیاں شامل ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اور بھی زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ یہ یقین کرنے کی مناسب وجہ موجود ہے کہ صدر اور اندرونی تعلقات کے لیے عوامی اختیارات، امن اور انصاف، اور دفاع کے امور کے وزرا نے ان کارروائیوں کے احکامات دیے یا ان جرائم کے ارتکاب میں مدد کی جن کو اس رپورٹ میں دستاویز کی شکل دے دی گئی ہے۔
باالفاظ دیگر انسانی حقوق کی ان مذموم خلاف ورزیوں کا سلسلہ اوپر سے شروع ہوتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق کونسل نے ستمبر 2019 میں حقائق جاننے کا یہ مشن قائم کیا تھا۔
اس مشن کا مینڈیٹ 2014 کے بعد سے ماورائے عدالت پھانسیوں، جبری گمشدگیوں، حراست میں لیے جانے، ایذا رسانی اور دوسرے ظالمانہ، غیر انسانی اور ذلت آمیز سلوک کی چھان بین کرنا تھا اور مقصد یہ تھا کہ جو لوگ بھی اس کے ذمے دار ہیں انھیں جواب دہ بنایا جائے۔ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ میں جن باتوں کا پتہ چلا ہے ان سے وینزویلا میں جمہوریت کے قیام کے لیے آزادانہ اور منصفانہ طریقۂ کار کی ضرورت واضح ہوتی ہے۔
نکولس مادورو کی ناجائز حکومت کے ہاتھوں وینزویلا کے لاکھوں لوگوں کے مصائب اور حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی ہولناک خلاف ورزیوں کے خاتمے اور ان کا شکار ہونے والے افراد کو انصاف دلانے کی خاطر یہی واحد راستہ ہے۔
یو ایس ایڈ کے قائم مقام منتظم جان بارسا نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ وینزویلا کے عوام کے ساتھ ہے، جو ان لوگوں کے ہاتھوں تشدد کے خوف کے بغیر جینے کے مستحق ہیں جن کا کام ان کا تحفظ اور ان کی خدمت کرنا تھا۔
عبوری صدر ہوان گوائیڈو اور ان کی عبوری حکومت، جمہوری طور پر منتخب قومی اسمبلی کے ارکان، وینزویلا کی سول سوسائٹی کی تنظیموں، انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں اورغیر جانب دار میڈیا کا وینزویلا میں جمہوریت کے لیے جدوجہد کو زندہ رکھنے میں ایک اہم کردار ہے۔ قائم مقام منتظم بارسا نے کہا کہ وہ سب حقیقی ہیرو ہیں اور میں پرامید ہوں کہ جیت ان ہی کی ہوگی۔
بین الااقوامی برداری کے لیے لازم ہے کہ وہ وینزویلا میں آزادانہ اور منصفانہ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات اور جمہوری حکمرانی کی بحالی کے لیے متحد ہوجائے۔ امریکہ اس دن کا منتظر ہے جب وہ وینزویلا میں آزادی اور انسانی حقوق کے احترام کی واپسی کا جشن منا سکے۔
حکومتِ امریکہ کے نکتۂ نظر کا ترجمان اداریہ جو وائس آف امریکہ سے نشر کیا گیا**